حیدرآباد28 دسمبر(یواین آئی) ضلع منچریال کے سرکاری دواخانہ میں نوزائیدہ بچے بدل گئے ۔ اس واقعہ سے بچوں کے والدین میں تشویش کی لہردوڑ گئی جن کا کہنا ہے کہ اسپتال کے اسٹاف کی لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ دونوں خاندانوں کا دعوی ہے کہ نوزائیدہ لڑکا ان کا ہے ۔تفصیلات کے مطابق چینور کی ممتا کو زچگی کیلئے دواخانہ لایا گیا۔ ساتھ ہی کومرم بھیم ضلع آصف آباد کی پاونی بھی زچگی کیلئے دواخانہ پہنچی۔ دس منٹ کے وقفہ سے ان دونوں کی زچگی ہوئی۔ ممتا کے رشتہ داروں نے الزام لگایا کہ اسٹاف نے ممتا کو لڑکے کی پیدائش کی اطلاع دی تھی تاہم ان کو لڑکی تھمادی گئی۔ دوسری طرف پاونی کے ارکان خاندان کا کہنا ہے کہ پاونی کو بیٹا پیدا ہوا ہے ۔دونوں خواتین کے بچوں نے اسپتال کے اسٹاف کے ساتھ بحث وتکرار کی۔اس مسئلہ پر دونوں خاندانوں کے احتجاج کے بعد اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ڈی این اے ٹسٹ کے بعد ہی بچوں کو حوالے کیاجائے گا۔