کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی شیر کی سواری کررہے ہیں : ٹی جیون ریڈی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے سینئیر قائد و رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ منگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات کانگریس کے لیے سیمی فائنل ہیں ۔ انہوں نے شیر پر سواری کرنے کا سابق رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی پر الزام عائد کیا ۔ آج سی ایل پی آفس اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے استعفیٰ دینے کے بعد کانگریس کو گائے اور بی جے پی کو شیر قرار دیا ہے ۔ جب کہ وہ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی دودھ دینے والی گائے کو چھوڑ کر شیر کی سواری کرنا چاہتے ہیں ۔ یہ سودا کتنا مہنگا ثابت ہوگا اس کا آگے چل کر کانگریس سے مستعفی ہونے والے سابق رکن اسمبلی کو پتہ چلے گا ۔ منگوڑ کے ضمنی انتخابات یقینا کانگریس کے لیے سیمی فائنل انتخابات ہوں گے ۔ کانگریس پارٹی سیمی فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرے گی اور فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کسی کی ذاتی پارٹی نہیں ہے ۔ ہم سب سونیا گاندھی کی قیادت میں کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے سوشیل میڈیا میں ان کے پارٹی تبدیل کرنے کی افواہیں چلانے کی مذمت کی اور ساتھ ہی ساتھ چند طاقتوں کی جانب سے کانگریس کو نقصان پہونچانے کی بھی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا ۔۔ ن