امپھال: امپھال میں واقع کئی سول سوسائٹی تنظیموں میں سے ایک اہم تنظیم منی پور کوآرڈینیشن کمیٹی آن منی پور انٹیگریٹی کی بے گھر لوگوں کی اپنے گھروں کوواپسی کی اپیل کے پیش نظر منی پور حکومت نے چہارشنبہ کے روز ریاست کے 5 اضلاع میں مکمل کرفیو نافذ کر دیا ہے ۔ 3 مئی کو چورا چند پور ضلع میں تشدد پھوٹنے کے بعد 60ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہوئے تھے۔
چورا چند پور، مورہ، کانگ پوکپی میں ایک مخصوص نسلی گروپ کے تمام مکانات کو دوسرے گروپ کے لوگوں نے تباہ کر دیاتھا۔پہاڑی علاقوں میں رہنے والے کچھ رہائشیوں نے حالات بہتر ہونے پر اپنے گھروں کو واپس جانے کی خواہش ظاہر کی لیکن انہیں واپس جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اگر فوج اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں روکا تو بھی وہ گھروں میں داخل ہوں گے ۔ وزیر اطلاعات ڈاکٹر سپم رنجن نے کمیٹی سے اپیل واپس لینے کی اپیل کی۔امپھال ویسٹ، امپھال ایسٹ، بشنو پور، کاکچنگ اور تھوبل اضلاع میں باز آبادکاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک بڑی بغاوت کے خدشے کے پیش نظر پورے دن کیلئے کرفیو نافذ رہا۔باقی 11 اضلاع میں دن کے وقت کرفیو میں نرمی کی جائے گی۔