بوئن پلی میں کانگریس کا ایک روزہ تربیتی پروگرام۔ 26 جنوری سے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کا آغاز
حیدرآباد۔/4 جنوری، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ناکامیوں پر چارج شیٹ جاری کرنے کا اعلان کیا۔ پارٹی کے سینئر قائدین اور ماہرین کی رائے حاصل کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ بوئن پلی کے گاندھی آئیڈیا لوجی سنٹر میں آج منعقدہ کانگریس قائدین کے ایک روزہ تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اے ریونت ریڈی نے کہا کہ مودی بحیثیت وزیر اعظم اور کے سی آر بحیثیت چیف منسٹر تلنگانہ تمام محاذوں میں ناکام ہوچکے ہیں۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں دونوں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی اور بی آر ایس کو ایک سکہ کے دو رُخ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں عوام کے اصل اور حقیقی مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے ضمنی مسائل کو اہمیت دے رہی ہیں اور عوام دونوں جماعتوں کی حکمرانی سے بدظن ہوچکے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں آمرانہ راج چل رہا ہے جس سے کانگریس پارٹی تلنگانہ کے عوام کو نجات دلائے گی ۔ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی کو اپنی شکست کا اندازہ ہوگیا ہے۔ اس لئے فہرست رائے دہندگان سے کانگریس کے حامی ووٹرس کو بڑے پیمانے پر حذف کیا جارہا ہے۔ دھرانی سے لاکھوں لوگ مشکلات سے دوچار ہوئے ہیں۔ گاندھی خاندان نے ملک کیلئے ہرطرح کی قربانی دی۔ سونیا گاندھی کی قیادت میں یو پی اے حکومت کی دونوں میعادوں میں عوام کی ترقی و خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے۔ راہول گاندھی ہڈیو ں کو ٹھنڈا کردینے والی سردی کی پرواہ کئے بغیر بھارت جوڑو یاترا کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ 26 جنوری سے ریاست میں وہ کانگریس کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کا آغاز کریں گے اور راہول گاندھی کے پیغام کو کانگریس کے تمام قائدین گھر گھر تک پہنچائیں گے۔ن