مودی سٹھیاگئے ، آپ مجھ سے ربط میں رہئے

,

   

احتجاجی کسانوں کی موت پر وزیراعظم کی بے حسی ،امیت شاہ کا ردعمل ۔گورنر میگھالیہ ستیہ پال ملک کا انکشاف

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں امیت شاہ نے کہا کہ وہ سوجھ بوجھ سے عاری ہوچکے ہیں اور حساس موضوعات پر بھی غیرذمہ دارانہ تبصرے کررہے ہیں ، یہ سنسنی خیز انکشاف گورنر میگھالیہ ستیہ پال ملک نے کیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں وہ وزیراعظم مودی سے ملے اور کسان ایجی ٹیشن کے مسئلہ پر گفتگو میں کہا کہ 500 سے زیادہ احتجاجی کسانوں کی موت ہوگئی ۔ اس پر مودی نے فوری پوچھا ، ’’کیا وہ میرے لئے مرے ہیں ؟ ‘‘ سابق گورنر جموں و کشمیر ستیہ پال نے حال ہی میں کسانوں کے مسئلہ پر وزیراعظم سے ملاقات کی تھی ، جو اُن کا کہنا ہے کہ تلخ ثابت ہوئی کیونکہ وہ مودی کی بے حسی دیکھ کر اُن سے اُلجھ پڑے ۔ ستیہ پال کا کہنا ہے کہ پانچ منٹ کی گفتگو میں مودی نے نہایت گھمنڈ اور تکبر کا مظاہرہ کیا ۔ مجھے ایسی اُمید ہرگز نہیں تھی ۔ ستیہ پال گزشتہ روز ہریانہ میں ایک تقریب سے مخاطب تھے ۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ ( وزیراعظم ) کافی گھمنڈی ہوچکے ہیں ۔ جب میں نے اُنھیں بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران خود ہمارے 500 سے زائد کسان جنھیں ہم ’ان داتا ‘ مانتے ہیں ، احتجاج کرتے ہوئے اپنی جانیں گنوا بیٹھے ۔ مودی نے فوری سوال کیا کہ کیا اُن کی موت میری خاطر ہوئی ہے ؟ ’’میں نے کہا ہاں ، کیونکہ آپ ہی کرتا دھرتا ہو ۔ بہرحال میری ملاقات اُلجھاؤ کے ساتھ ختم ہوگئی ۔ اُنھوں نے مجھ سے کہا کہ امیت شاہ سے ملاقات کرلو اور میں نے ایسا ہی کیا ۔‘‘ ستیہ پال نے ان الفاظ کے ساتھ یہ بھی کہا کہ جب کوئی کتا مرجائے تو پی ایم تعزیت کے پیامات بھیجتے ہیں ۔ اور ایسے شخص نے 500 کسانوں کی موت پر حد درجہ بے حسی کا مظاہرہ کیا ۔ دریں اثناء کانگریس لیڈر ملک ارجن کھرگے نے ستیہ پال ملک کے بیان کا ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کیا جس میں گورنر میگھالیہ کو صاف کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’’ستیہ ، وہ اپنا ذہنی توازن کھورہے ہیں ۔ آپ بلاجھجک ہم سے ملاقات کرتے رہئے ‘‘ یہ الفاظ ستیہ پال ملک کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے وزیراعظم مودی کا حوالہ دیتے ہوئے کہے ہیں۔ کھرگے نے ٹوئٹر پر لکھا کہ میگھالیہ کے گورنر ستیہ پال نے باضابطہ کہا ہے کہ وزیراعظم نے کسانوں کے مسئلہ پر ’متکبرانہ ‘ انداز میں بات کی ہے اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے پی ایم کو ’سٹھیا ہوا لیڈر ‘ قرار دیا ۔ کھرگے نے کہا کہ دستوری منصبوں پر فائز قائدین ایک دوسرے کے تعلق سے اس طرح تحقیر کے ساتھ لب کشائی کررہے ہیں ۔ نریندر مودی جی کیا یہ سچ ہے ؟ بی جے پی نے تادم تحریر اس تعلق سے ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے لیکن کانگریس نے کہا کہ گورنر میگھالیہ کا بیان وزیراعظم مودی کی خاصیتوں کا عکاس ہے کہ وہ دانائی کو چھوڑ چکے ، ظالمانہ روش اختیار کرلی اور مزاج میں بے حسی پیدا ہوگئی ہے ۔ کانگریس نے ستیہ پال کا ویڈیو اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے ۔ اپوزیشن پارٹی نے کہاکہ بی جے پی حکومت کے مقررہ گورنر نے وزیراعظم مودی کے تعلق سے جو انکشاف کیاہے وہ تشویشناک ہے ۔ یہ جمہوریت کے لئے لمحۂ فکر ہے ۔ ستیہ پال کئی مسائل بالخصوص کسانوں کے معاملے میں مرکزی حکومت اور بی جے پی قیادت پر طنز و تنقید کرتے رہے ہیں۔ وہ کئی مرتبہ دوہراچکے ہیں کہ اُنھیں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑسکتا ہے جس کی اُنھیں پرواہ نہیں۔ وزیراعظم مودی نے نومبر 2021 ء میں تین متنازعہ زرعی قوانین کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی اور مرکزی نمائندوں ، کسانوں اور ماہرین پر مشتمل کمیٹی اقل ترین امدادی قیمت ( ایم ایس پی ) کے میکانزم کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانے کیلئے کام کریگی ۔ ستیہ پال نے کہاکہ یہ کام دیانتداری سے کرنا ہوگا ، اس میں کسانوں سے دھوکہ نہ کیا جائے ۔ وہ شاید مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کے اُس بیان کا حوالہ دے رہے ہیں جس میں تومر نے کہاکہ ہم نے ایک قدم پیچھے لیا ہے اور دوبارہ قدم آگے بڑھا سکتے ہیں۔