مودی کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے والا نوجوان گرفتار

   

بھاگلپور، 30 مئی (یواین آئی) پولیس نے بہار کے بھاگلپور ضلع کے ایک نوجوان سمیر رنجن کو گرفتار کیا ہے ، جس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔بھاگلپور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہردے کانت نے جمعہ کو یہاں کہا کہ مودی کے پٹنہ پہنچنے سے پہلے واٹس ایپ پیغام کے ذریعہ وزیر اعظم کے دفترکو مودی کو مارنے کی دھمکی ملنے کے بعد، انٹیلی جنس ایجنسی کے اہلکاروں نے اس معاملے کی اطلاع دی اور تحقیقات کرنے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندر بھوشن کمار کی قیادت میں تشکیل دی گئی ایک خصوصی ٹیم نے تحقیقات شروع کی۔ ٹیکنیکل سیل نے اس واٹس ایپ نمبر کی چھان بین کی جس سے دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے تھے ۔ اس دوران جب مذکورہ نمبرمعمر شخص منٹو چودھری کے نام کا نکلا تو اسے فوراً حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی۔کانت نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران منٹو چودھری سے ملی اطلاع کی بنیاد پر پولیس ٹیم نے سلطان گنج تھانہ علاقہ کے مہیشی گاؤں سے ملزم نوجوان سمیر رنجن کو گرفتار کیا۔ سمیر نے منٹو چودھری کے موبائل نمبر سے پی ایم او کو واٹس ایپ پیغام بھیج کرمودی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ اس سلسلے میں ملزم سمیر رنجن کی گرفتاری کے بعد حراست میں لیے گئے منٹو چودھری کو رہا کر دیا گیا ہے ۔ اس دوران نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) اور انٹیلی جنس ایجنسی کے اہلکار سلطان گنج پہنچ گئے ہیں اور ملزم سمیر سے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے ۔