مودی ۔ ژی آئندہ چوٹی ملاقات چینائی میں ہوگی

   

چینائی 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کے اعلیٰ ذرائع نے پیر کو کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور چین کے صدر ژی جن پنگ کی آئندہ چوٹی ملاقات ٹاملناڈو کے ساحلی ٹاؤن ماملا پورم میں ہوگی۔ ایک عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہاکہ چوٹی ملاقات کے امکانات، مقامات میں چینائی سے قریب واقع یہ ٹاؤن بھی شامل ہے جہاں دونوں ممالک کے قائدین دو روزہ ملاقات و بات چیت کریں گے۔ دونوں قائدین کی یہ دوسری غیر رسمی چوٹی ملاقات ہوگی۔ اُنھوں نے کہاکہ چوٹی ملاقات کے لئے چند دوسرے شہروں کے نام بھی زیرغور ہیں لیکن ان کے ناموں کا انکشاف نہیں کیا۔ ماملاپورم جو مہابلی پورم کے نام سے بھی مشہور ہے، چینائی سے 50 کیلو میٹر دور ایسٹ کوسٹ روڈ پر واقع پُرفضاء اور قدرتی نظاروں سے مزین ٹاؤن میں قدیم زمانہ کی کئی مندریں اور دیگر یادگاریں ہیں۔