گرمائی ایکشن پلان پر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، ایمرجنسی نمبر 1912 کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت
حیدرآباد۔/11فروری، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ موسم گرما کے دوران برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنائیں اور ایک منٹ کا بھی سربراہی میں خلل نہ ہونے پائے۔ بھٹی وکرامارکا نے محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں گرمائی ایکشن پلان پر مشاورت کی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت موسم گرما میں برقی طلب کے مطابق سربراہی کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے گذشتہ موسم گرما میں برقی طلب اور سربراہی کی تفصیلات حاصل کی اور توقع ظاہر کی کہ جاریہ موسم گرما میں برقی طلب کے مطابق سربراہی کا ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ موسم گرما میں برقی کی موثر سربراہی ضروری ہے۔ عہدیداروں اور اسٹاف کو موسم گرما میں 24 گھنٹے چوکس رہنا چاہیئے۔ محکمہ برقی کے عہدیدار ہر سطح پر اجلاس منعقد کرتے ہوئے موسم گرما کی تیاریوں کا جائزہ لیں تاکہ فیلڈ سطح پر درپیش مسائل سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ برقی صارفین میں شعور بیداری کیلئے بھی مہم چلائی جائے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ محکمہ برقی میں لائین مین سے لیکر وزیر تک ہر کسی کو ایک خاندان کی طرح کام کرنا چاہیئے۔ فیلڈ سطح پر پیدا ہونے والے مسائل کی فوری یکسوئی کیلئے اعلیٰ عہدیداروں سے فون پر ربط قائم کیا جائے اور اگر عہدیدار فون پر دستیاب نہ ہوں تو دوسرے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹاف کو ضرورت پڑنے پر راست اُن سے ربط قائم کرنے میں تامل نہیں کرنا چاہیئے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت عہدیداروں اور ملازمین کیلئے ہر سطح پر درکار سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ حیدرآباد میں ایمرجنسی گاڑیوں کے ذریعہ برقی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے دیہی علاقوں میں ان سہولتوں کو توسیع دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ یکم؍ مارچ تک تمام سب اسٹیشنوں کی تعمیر اور دیگر مینٹننس کے کام مکمل کرلئے جائیں۔ گذشتہ تین برسوں کے دوران سب اسٹیشنوں کی سطح پر برقی طلب میں اضافہ کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ بہتر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو ترغیبی ایوارڈز دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران ملازمین نے برقی سربراہی کی بحالی کیلئے دن رات کام کیا ہے ایسے ملازمین کی خدمات کا اعتراف ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ برقی شعبہ میں تبدیلیوں کے بارے میں اسٹاف میں شعور بیدار کیا جائے تاکہ برقی کی متبادل تیاری کے ذرائع سے واقف ہونے میں مدد ملے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ برقی سے متعلق مسائل کیلئے موجود ایمرجنسی فون نمبر 1912 کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے۔ برقی صارفین کو ایمرجنسی نمبر کے بارے میں ایس ایم ایس روانہ کئے جائیں اور یہ نمبر الیکٹریسٹی بل پر شائع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ برقی کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے درکار اسٹاف اور تکنیکی سپورٹ فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ درکار انفرااسٹرکچر کے بارے میں واقف کرائیں۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری برقی سندیپ کمار سلطانیہ، صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو کرشنا بھاسکر، سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹیڈ کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی، او ایس ڈی محکمہ برقی سریندر ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔1