حیدرآباد ۔ 9 مئی (سیاست نیوز) موٹرسائیکلوں کے ذریعہ سڑکوں پر خطرناک کرتب بازی (بائیک اسٹنٹ) کرنے والے افراد کے خلاف پولیس نے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔ ایک تازہ کارروائی میں راجندر نگر ٹاسک فورس نے عطاپور پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔ سڑکوں پر کرتب بازی کرنے والے خود اپنی جان کو جوکھم میں ڈال رہے ہیں جبکہ دیگر شہریوں کیلئے بھی پریشانی اور خطرے کا سبب بن رہے ہیں۔ گزشتہ چند روز سے آرام گھر تا عطاپور کے علاقہ میں بائیک اسٹنٹ کی اطلاعات کا پولیس نے جائزہ لیا اور ان افراد کی شناخت کرلی جو اس خطرناک کرتب بازی میں ملوث ہیں۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 19 سالہ سید شاہد ساکن عطاپور، 19 سالہ شیخ نصیر حسین ساکن حسن نگر، 18 سالہ شیخ جنید ساکن حسن نگر، 17 سالہ محمد بن عیسیٰ ساکن چندو لعل باراردی، 20 سالہ عبدالصمد ساکن کالاپتھر اور 22 سالہ محمد ارباز حسین ساکن حسن نگر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ارباز عطاپور پولیس کے تحت ایک پاکسو مقدمہ میں جبکہ محمد بن عیسیٰ چار مقدمات میں ملوث ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 6 موبائیل فون دو موٹر سائیکل کو ضبط کرلیا اور ایسی کرتب بازی کرنے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا۔عH/