حیدرآباد۔17۔نومبر(سیاست نیوز) چیف منسٹرتلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی کے دورہ ویملواڑہ سے قبل ریاستی حکومت نے مڈ مانیئرڈیم کے متاثرین کے لئے ’اندراماں اندلو‘ کے تحت 4696 مکانات کی فراہمی کو منظوری دے دی ہے اور کہا جا رہاہے کہ مڈ مانیئر ڈیم کی تعمیر کے دوران متاثر ہونے والے خاندانوں کے ساتھ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے جو جدوجہد کی تھی اس کے مطابق وہ اپنے دورہ ویملواڑہ سے قبل اس مسئلہ کو حل کرنے اور متاثرین میں مکانات کی فراہمی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے متمنی تھے کیونکہ چیف منسٹر نے بہ حیثیت کانگریس صدرپردیش تلنگانہ کی حیثیت سے متاثرین کی جدوجہد میں شامل ہوتے ہوئے کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد متاثرین کو بہتر متبادل فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ حکومت کے محکمہ عمارات وشوارع کی جانب سے جاری کردہ سرکاری احکامات کے مطابق مڈ مانیئر پراجکٹ کی تعمیر کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے 10 ہزار 683 خاندانوں کو منتقل کرنے کے اقدامات کئے گئے تھے لیکن آج حکومت نے جی او جاری کرتے ہوئے ان متاثرین کو ریاستی حکومت کی اندراماں اندلو اسکیم کے تحت جن کے ذاتی مکانات نہیں ہیں ان 4696 خاندانوں کو اندراماں اندولو کے ذریعہ مکانات کی فراہمی کے اقدامات کو منظوری دی ہے اور انہیں اندراماں اندلو اسکیم کے شرائط میں رعایت دیتے ہوئے انہیں مکان کی تعمیر کے لئے 5لاکھ کی اجرائی کے احکام جاری کردیئے گئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ راجنا سرسلہ میں مڈ مانیئر پراجکٹ کی تعمیر کے دوران بے دخل کئے جانے والے خاندانوں میں جن کے پاس ذاتی مکان نہیں ہیں ان سے کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے کے لئے حکومت نے یہ احکام جاری کئے ہیں اور انہیں تلنگانہ ہاؤزنگ بورڈ کے توسط سے فوری اس اسکیم میں شامل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔3