نوجوانو ووٹرس تک رسائی کے لیے عنقریب خصوصی اجلاس متوقع، قیادت کو مناسب چہرے کی تلاش
ممبئی، 3 اگست (یو این آئی) جنتر منتر پر حال ہی میں ‘جین زی’ کی قیادت میں ہوئے احتجاجی مظاہرے کے بعد، شیو سینا ایکشن موڈ میں آ گئی ہے ۔ پارٹی 2029 کے لوک سبھا اور مہاراشٹر اسمبلی انتخابات سے قبل نوجوان ووٹروں کو جوڑنے کے لیے ایک طویل المدتی حکمت عملی تیار کر رہی ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، شیو سینا جلد ہی ’جین زی‘ ووٹروں تک پہنچنے کے اپنے پروگرام کا خاکہ تیار کرنے کے لیے ایک خصوصی میٹنگ بلا سکتی ہے ۔ واضح رہے کہ سال 2029 تک اندازاً 38 کروڑ نوجوان رائے دہندگان کے ووٹر لسٹ میں شامل ہونے کی امید ہے ، اس لیے پارٹی نوجوانوں کے ساتھ اپنا لگاؤ مضبوط کرنا چاہتی ہے ۔ اس حکمت عملی کے تحت، شیو سینا ‘جین زی’ کے ساتھ جڑنے کے عمل کی قیادت کرنے کے لیے ایک مناسب نوجوان چہرے کی تلاش میں ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی سیاسی خاندانوں کے نوجوان لیڈروں کے ساتھ ساتھ مختلف سماجی تنظیموں کے نوجوان نمائندوں پر بھی غور کر رہی ہے ، جن کا نوجوانوں کے ساتھ سرگرم لگاؤ ہے ۔ پارٹی شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں بڑے یوتھ کنونشنز منعقد کرنے پر بھی اندرونی طور پر تبادلہ خیال کر رہی ہے تاکہ پہلی بار ووٹ دینے والے اور نوجوان ووٹروں سے براہ راست رابطہ قائم کیا جا سکے ۔ رپورٹ ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پارٹی عہدیداروں اور لیڈروں کو نوجوانوں سے جڑے مسائل پر فوراً کام شروع کرنے اور ان کی خواہشات اور تشویشات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام تیار کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ یہ قدم جنتر منتر پر طلبہ کے بڑے احتجاجی مظاہرے کے بعد اٹھایا گیا ہے ، جس میں ‘جین زی’ کے بہت سے نوجوانوں نے حصہ لیا تھا۔ نیشنل ایلیجیبلٹی کم انٹرنس ٹیسٹ (نیٹ) پیپر لیک اور امتحان سے جڑے معاملات پر ہوئے اس احتجاجی مظاہرے نے پورے ملک کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی اور نوجوان ووٹروں کے بڑھتے سیاسی اثر کو اجاگر کیا۔ سال 2029 کے انتخابات میں نوجوانوں کا اہم رول ہونے کی امید ہے ، اس لیے سیاسی پارٹیاں اس اہم طبقے کو راغب کرنے کے لیے اپنی حکمت عملیوں میں تبدیلی کر رہی ہیں۔