ممبئی، 27 مئی (یو این آئی) محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے منگل کے روز مہاراشٹر، گوا اور کرناٹک میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے پیش نظر ’ریڈ الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے ۔ آئی ایم ڈی نے آج سے خاص طور پر ساحلی اور جنوبی اندرونی کرناٹک میں ’’شدید بارش‘‘کی پیش گوئی کی ہے ۔ وسطی مہاراشٹر کے کونکن اور گھاٹ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کی توقع ہے ۔ جنوب مغربی مانسون پیر کے روز ممبئی اور پونے پہنچ گیا ہے ۔ آج 50-60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرج کے ساتھ آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے ۔ موسم کی اس صورتحال کے پیش نظر مہاراشٹر حکومت نے شہریوں سے محتاط رہنے کو کہا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 27 اور 30 مئی کے درمیان شمالی کرناٹک میں شدید بارش متوقع ہے ۔ تمل ناڈو میں مئی کے آخر تک گرج کے بارش، آسمانی بجلی اور طوفان جاری رہنے کی توقع ہے ۔
ممبئی :مانسون کی شدت، درخت گرنے کے 70 واقعات
ممبئی ، 27 مئی (یو این آئی) ممبئی میں مانسون کی آمد کے بعد شدید بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ مختلف علاقوں میں درخت گرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ پیر کے روز ایک افسوسناک واقعے میں گنیش میدان، کنموار نگر، وکرولی ایسٹ میں درخت گرنے سے 26 سالہ تیجس نائیڈو کی موت ہو گئی، جبکہ سینٹ زیویئر کالج، فورٹ میں درخت کی شاخ گرنے سے 24 سالہ سائراج پوار زخمی ہو گئے ۔بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کی رپورٹ کے مطابق، پیر کی صبح 8 بجے سے منگل کی صبح 8 بجے تک کے 24 گھنٹوں میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو درخت گرنے کی کل 70 شکایات موصول ہوئیں، جن میں 46 شہر سے ، 17 مغربی مضافات اور 7 مشرقی مضافاتی علاقوں سے تھیں۔ گری ہوئی شاخوں کو کاٹنے اور ہٹانے کا کام جاری ہے ۔حادثے کے بعد تیجس نائیڈو کو علاج کیلئے گودریج اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ دوسری جانب سائراج پوار کو علاج کیلئے سینٹ جارج اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی حالت اب مستحکم ہے ۔
وادی میں تیز آندھی، ژالہ باری اور موسلا دھار بارش
سرینگر،27مئی(یو این آئی) وادی کشمیر میں منگل کی سہ پہر موسم نے اچانک کروٹ لی جس کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش، تیز آندھی اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس کے نتیجے میں شہری زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔دارالحکومت سری نگر میں بارش کے باعث کئی شاہراہیں زیر آب آ گئیں، خاص طور پر لالچوک، مائسمہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں پانی جمع ہونے سے آمد و رفت میں رکاوٹ پیش آئی۔ شہریوں نے شکایت کی کہ ناقص نکاسیٔ آب کے نظام نے بارش کو عذاب میں بدل دیا، جس سے دکانداروں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔