مہاراشٹرا کے اورنگ آباد میں سڑک حادثہ ، 12 افراد ہلاک

   

چھترپتی سمبھاجی نگر: مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے ویجاپور تعلقہ میں سمردھی ایکسپریس وے پر ہفتہ کی دیر رات سڑک حادثے میں 12 عقیدت مندوں کی موت اور 18 دیگر زخمی ہو گئے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت متاثرین بابا کے درشن کے لیے جا رہے تھے ۔ اسی دوران ان کا ٹیمپو کھڑے ٹرک سے ٹکرا گیا جس کی وجہ سے 12 عقیدت مندوں کی موت اور 18 دیگر زخمی ہو گئے ۔یہ حادثہ کل دیر رات یہاں سے تقریباً 80 کلومیٹر دور ویجا پور تعلقہ کے جمبارگاؤں ٹول بوتھ کے نزدیک پیش آیا۔ مرنے والوں میں چھ خواتین اور ایک چار ماہ کا بچہ شامل ہے ۔ تمام 12 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ۔ زخمیوں کو چھترپتی سمبھاجی نگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (جی ایم سی ایچ) میں داخل کرایا گیا ہے ۔ متاثرہ عقیدت مند ناسک ضلع کے پاتھرڈی اور اندرا نگر کے رہنے والے تھے ۔ ہفتہ کی دیر رات سے ریسکیو آپریشن جاری ہے ۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہر مرنے والے کے لواحقین کو پانچ پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔