مہنگائی کے خلاف کانگریس کا آج ’چلو راج بھون‘

   

ریاست کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں احتجاجی دھرنے کا منصوبہ
حیدرآباد ۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) ملک میں بڑھتی مہنگائی ، اشیائے ضروریہ پر جی ایس ٹی کے نفاذ اور مسلح افواج میں تقررات سے متعلق اگنی پتھ اسکیم کے خلاف کل 5 اگست کو ریاست گیر سطح پر کانگریس احتجاج منظم کرے گی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر ریاست کے تمام 119 اسمبلی حلقہ جات اور 33 اضلاع کے ہیڈکوارٹرس پر دھرنا منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں سینئر قائدین احتجاج میں حصہ لیں گے اور مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں چلو راج بھون پروگرام کے تحت راج گھون کے گھیراؤ کا منصوبہ ہے اور اندرا پارک دھرنا چوک پر احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہ گزشتہ 8 برسوں میں مرکزی حکومت نے عوام کو کوئی راحت نہیں پہنچائی ہے۔ پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام پہلے سے پریشان تھے کہ اچانک جی ایس ٹی میں اضافہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ہر ریاست میں راج بھون کے گھیراؤ کا فیصلہ کیا ہے۔ اندرا پارک پر صبح 10 بجے دھرنے کا آغاز ہوگا۔ مہیش کمار گوڑ نے عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ ر