مہوا موئترا کی بے دخلی ،سماعت 3 جنوری تک ملتوی

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) لیڈر مہوا موئترا کی لوک سبھا سے نکالے جانے کے خلاف دائر عرضی پر سماعت 3 جنوری 2024 تک ملتوی کر دی۔جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس ایس وی این بھٹی کی بنچ نے یہ کہتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی کہ اسے اس کیس سے متعلق دستاویزات کو پڑھنے کا وقت نہیں ملا۔ وہ اس معاملے کی سماعت 3 جنوری کو کرے گی۔عدالت عظمیٰ کے سامنے محترمہ موئترا کی طرف سے سینئر وکیل اے ایم سنگھوی نے 13 دسمبر کو ‘خصوصی ذکر’ کے دوران ان کی رٹ درخواست کی فوری سماعت کی مانگ کی تھی۔مغربی بنگال کے کرشن نگر لوک سبھا حلقہ سے رکن پارلیمنٹ رہیں مہواموئترا نے پیر کو عرضی دائر کی تھی، جس میں انہوں نے لوک سبھا سے بے دخلی کے فیصلے کو “غیر منصفانہ اور من مانی” اور فطری انصاف کے اصول کے خلاف قرار دیا ہے ۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے مہوا موئترا پر لوک سبھا میں سوال پوچھنے کے لیے پیسے لینے کا الزام لگایا تھا۔ ان کی شکایت پر اس معاملے میں پارلیمنٹ کی اخلاقیات کمیٹی نے تحقیقات کی۔