ایم ایل اے مکن سنگھ ٹھاکر فیملی کے ساتھ تھائی لینڈ کے دورہ پر ہیں
حیدرآباد 29 مارچ ( سیاست نیوز ) میانمار میں جمعہ کو ایک تباہ کن اور ہلاکت خیز زلزلہ کا جھٹکا آیا جس میں اب تک ایک ہزار افراد کی ہلاکت کی توثیق ہوگئی ہے ۔ اس زلزلہ کے اثرات تھائی لینڈ بنکاک تک بھی محسوس کئے گئے ۔ تھائی لینڈ کے چاٹوچاک ضلع میں ایک بلند عمارت بھی اس کے نتیجہ میں منہدم ہوگئی اور دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ اس عمارت کے ملبہ میں 30 افراد پھنس گئے تھے ۔ تاہم اس واقعہ میں تلنگانہ کے راما گنڈم سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی اور ان کے افراد خاندان بال بال بچ گئے ۔ رکن اسمبلی مکن سنگھ ٹھاکر فی الحال اپنے افراد خاندان کے ساتھ تھائی لینڈ کے دورہ پر گئے ہوئے ہیں۔ جس علاقہ میں مکن سنگھ کے افراد خاندان تھے اس علاقہ میں بھی زلزلہ کا جھٹکا آنے کا شبہ ہے ۔ تاہم مکن سنگھ ٹھاکرا ور ان کے افراد خاندان اس زلزلہ میں بچ گئے ۔ کہا گیا ہے کہ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے کئی لوگ ان علاقوں میں موجود تھے جہاں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں تاہم ان کے تعلق سے کوئی اطلاع نہیں ہے ۔