میدک ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کی ترقی پر خصوصی توجہ

   

کلکٹر کی صدارت میں ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اجلاس ، رکن پارلیمنٹ و دیگر کی شرکت
حیدرآباد 14 مئی ۔ ( سیاست نیوز) میدک ہیڈکوارٹر سرکاری ہاسپٹل کو ترقی دینے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ ہاسپٹل کے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کی ہاسپٹل ڈیولپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں منظوری دی گئی ۔ ضلع میدک کے کلکٹر راہول راج کی صدارت میں ہاسپٹل ڈیولپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس اجلاس میں حلقہ لوک سبھا میدک کے رکن پارلیمنٹ رگھونندن راؤ ، تلنگانہ میڈیکل انفراسٹرکچر کے ایگزیکٹیو انجینئر رویندر ریڈی ، ڈسٹرکٹ میڈیکل ہیلت آفیسر ڈاکٹر سری رام ، ڈسٹرکٹ ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سنیتا ، ڈی سی ایچ ایس شیوا دیال ، میڈیکل کالج کے پرنسپل رویندر ، میونسپل کمشنر سرینواس ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔ اس اجلاس میں ہاسپٹل میں آر او پلانٹ کے قیام ہاسپٹل اور اُس کے احاطے میں صاف صفائی ، برقی کٹوتی کو مدنظر رکھتے ہوئے یو پی ایس کو منظوری دی گئی ۔ ہاسپٹل میں ڈاکٹرس نرسیس اور طبی شعبوں کے دیگر مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے ضلع کلکٹر کی نگرانی میں کارروائی کی جائیگی ۔ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر راہول راج اور رکن پارلیمنٹ این رگھونندن راؤ نے کہا کہ ہاسپٹل پہونچنے والے مریضوں کو بہتر سے بہتر علاج فراہم کیا جانا چاہئے ، مریضوں اور اُن کے ارکان خاندان سے خوش اسلوبی سے پیش آنا چاہئے اور ہاسپٹل میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہہ دینے کی ہدایت دی گئی ۔ 2