میر واعظ کے خسر کا انتقال، جامع مسجد میں نماز کی اجازت نہ ملی

   

سرینگر کی جامع مسجد میں نماز جنازہ پر پابندی مذہبی معاملات میں مداخلت: نیشنل کانفرنس
سرینگر: میر واعظ کشمیر مولوی عمر فاروق کے والد نسبتی ڈاکٹر غلام سبطین مسعودی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔میر واعظ کشمیرکے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ میر واعظ کشمیر مولوی عمر فاروق کے والد نسبتی ڈاکٹر غلام سبطین مسعودی گذشتہ رات دیر گئے طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔جموں وکشمیر انتظامیہ نے جمعرات کو حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ مولوی عمر فاروق کے والد نسبتی اور نیشنل کانفرنس کے رہنما حسنین مسعودی کے بھائی غلام سبطین مسعودی کی نماز جنازہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ۔میر واعظ کے دفتر کی اطلاع کے مطابق انتظامیہ نے ایک بار پھر جامع مسجد سرینگر کے دروازوں کو سیل کرتے ہوئے اس کے اطراف علاقہ کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ میر واعظ منزل غم کے لمحات اور مذہبی رسومات میں بھی طاقت کے استعمال پر حکام کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بعدازاں مرحوم کی نماز جنازہ باغات برزلہ میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، ارکان اسمبلی تنویر صادق اور حسنین مسعودی نے بھی شرکت کی۔ایل جی انتظامیہ کی جانب سے جامع مسجد میں نماز جنازہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کرنے کے ضمن میں کچھ نہیں کہا گیا ہے ۔ادھر جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے اپنے ایک بیان میں جامع مسجد سرینگر میں ڈاکٹر سبطین مسعودی کی نماز جنازہ کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک اور غلط اور مذہبی معاملات میں بے جا مداخلت قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف رجعت پسند ہیں بلکہ خطے میں حالات معمول پر لانے کے دعووں کے کھوکھلے پن کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔یہ خاص طور پر اس قسم کے اقدامات ہیں جو حکام کے امن اور استحکام کے اپنے دعووں پر اعتماد کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔