بنگلورو 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر ڈی کے شیوا کمار کی والدہ نے پیر کو بی جے پی پر الزام لگایا کہ اُن کے بیٹے کی ترقی سے پارٹی اُن سے حسد کررہی ہے۔ چنانچہ اسی لئے اُن پر رقمی معاملت میں ہیر پھیر کا الزام لگاکر ای ڈی کے ذریعہ تحقیقات کروائی جارہی ہے۔ شیوا کمار پیر کو چوتھی مرتبہ ای ڈی کے روبرو حاضر ہوئے۔ گورمّا نے اپنے آبائی گاؤں کنکاپورہ میں اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے میں ہمدردی نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور اُن کے بیٹے کے بڑھتے ہوئے سیاسی رسوخ و رتبہ سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ گورمّا نے روتے ہوئے کہاکہ وہ راتوں رات امیر نہیں بنے ہیں بلکہ اُن کو امیر بننے میں کئی سال لگے۔ وہ اُن پر الزام دے رہے ہیں کہ وہ لوگ دولتمند ہیں جبکہ اُن کے سسر، کیمپی گوڑہ گاؤں کے دولتمند شخص ہیں۔ اُن کی فیملی پہلی مرتبہ گنیش تہوار پر اُن کے دونوں بیٹوں شیوا کمار اور اُن کے بھائی ڈی کے سریش ایم پی کی غیر موجودگی پر فکرمند ہے۔