برہموز اور آکاش میزائیلس کی حیدرآباد میں تیاری، پاکستان کے خلاف ہندوستانی افواج کی چوکسی برقرار
حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے باوجود ہندوستانی افواج کی چوکسی برقرار ہے تاکہ دشمن ملک کی جانب سے کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں موثر جواب دیا جاسکے۔ آپریشن سندور کے تحت ہندوستانی افواج نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور دفاعی صلاحیت اور طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ہندوستان کی کارروائی سے خوفزدہ پاکستان نے جنگ بندی کی پہل کی اور امریکہ کی مداخلت پر ہندوستان نے جنگ بندی سے اتفاق کرلیا ۔ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی جاری ہے لیکن ہندوستانی افواج نے فوجی ساز و سامان کی تیاری کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ حیدرآباد میں موجود دفاعی تحقیق کے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ میزائیلس کی تیاری کے کام میں تیزی پیدا کریں اور میزائیلس افواج کے حوالے کئے جائیں۔ آکاش اور برہموز میزائیلس حیدرآباد میں تیار کئے گئے اور پاکستان کے خلاف کارروائی میں دونوں میزائیلس نے اہم رول ادا کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے میں مددگار ثابت ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزارت دفاع نے حیدرآباد میں واقع دفاعی تحقیق کے اداروں کو ہدایت دی ہے کہ میزائیلس کی تیاری کے کام میں تیزی پیدا کریں اور تیاری کے ساتھ ہی میزائیلس افواج کے حوالے کئے جائیں۔ حیدرآباد میں ڈی آر ڈی او ، بھارت ڈائنمکس لمٹیڈ (بی ڈی ایل) ، بھارت الیکٹرانکس لمٹیڈ (بی ای ایل) کے علاوہ دیگر کئی ادارے موجود ہیں جو میزائیل ٹکنالوجی کی تیاری کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ حیدرآباد کے دفاعی اداروں نے سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی نگرانی میں ہندوستان کو عصری میزائیلس کی طاقت عطا کی ہے۔ برہموز اور آکاش میزائیلس کی تیاری میں دفاعی اداروں کا اہم رول ہے، لہذا حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اداروں کو وزارت دفاع نے تیاری کا کام جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ہندوستانی افواج نے آکاش اور برہموز میزائیلس کی کامیابی کا اعتراف کیا ہے۔ حیدرآباد میں دفاعی تحقیق کے تقریباً 8 ادارے موجود ہیں جہاں میزائیل ٹکنالوجی پر تجربات کا سلسلہ جاری ہے۔ مبصرین کے مطابق ہندوستان جنگ بندی کے پیش نظر کسی بھی کوتاہی یا تساہل کیلئے تیار نہیں کیونکہ پاکستان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔1