کانگریس رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل مرحلہ دوم کیلئے فنڈز کی اجرائی کی درخواست کی ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے کرن کمار ریڈی کو جواب موصول ہوا جس میں مکتوب کے وصول ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ کرن کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد تیزی سے ترقی پذیر شہر ہے جو ملک کی معیشت کے استحکام میں اہم رول ادا کررہا ہے۔ شہر میں ٹریفک اور آلودگی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے حکومت نے میٹرو مرحلہ اول کے تحت 69 کلو میٹرس میں تین راہداریوں پر پراجکٹ کو نافذ کیا جس پر 22000 کروڑ کے مصارف ہوئے۔ شہر میں میٹرو ٹرین پراجکٹ کی توسیع کیلئے عوام کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے اور شہر کی صورتحال کے نتیجہ میں اس کی سخت ضرورت ہے۔ نئی دہلی کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل دوسرا بڑا پراجکٹ ہے۔ کانگریس حکومت کے قیام کے بعد دوسرے مرحلہ کا منصوبہ تیار کیا گیا جس پر 24269 کروڑ کے مصارف عائد ہوں گے۔ مرکزی حکومت 80 فیصد حصہ داری کے ساتھ 230 کروڑ جاری کرسکتی ہے جبکہ تلنگانہ حکومت کا حصہ 7313 کروڑ رہے گا۔ 11693 کروڑ قرض حاصل کرنے کی تجویز ہے جبکہ پبلک ؍ پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 1033 کروڑ کی گنجائش ہے۔ میٹرو پراجکٹ آگرہ، بھوپال، بھوبنیشور، اندور، کانپور، چینائی اور دیگر شہروں میں مرکزی حکومت کے تعاون سے عمل کیا جارہا ہے۔ بنگلور میں میٹرو ریل مرحلہ دوم اور مرحلہ سوم کیلئے مرکز نے تعاون کیا ہے۔ کرن کمار ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے درخواست کی کہ نہ صرف میٹرو مرحلہ دوم کی منظوری دی جائے بلکہ درکار فنڈز جاری کئے جائیں۔1