ریونت ریڈی کا مکتوب ، وزیر ریلویز سے ملاقات کا وقت طئے کرنے کی خواہش
حیدرآباد ۔17 ۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے حیدرآباد میٹرو فیس II کے توسیعی منصوبہ کیلئے درکار مرکزی منظوریوں اور ریلوے فینانس کارپوریشن کے قرض کی اجرائی میں تعاون کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے کشن ریڈی سے خواہش کی کہ وہ وزیر ریلویز اشونی ویشنو سے ملاقات کا اہتمام کریں تاکہ درکار منظوریوں کیلئے نمائندگی کی جاسکے۔ چیف منسٹر نے مکتوب میں کہا کہ حیدرآباد میٹرو فیس I کے تحت تین راہداریوں پر مشتمل 69 کیلو میٹر طویل نیٹ ورک عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ شہر کی بڑھتی آبادی اور توسیع کے پیش نظر حکومت نے میٹرو نیٹ ورک کو وسعت دینے کیلئے فیس II کی تجاویز مرکز کو روانہ کی ہے، جن میں سات راہداری پر مشتمل 122.9 کیلو میٹر نیٹ ورک شامل ہیں۔ پراجکٹ کی لاگت 38595 کروڑ طئے کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ فیس I کے انتظامات اور فیس II کے ماڈل پر مرکزی وزارت شہری ترقی کے اعتراضات کو قبول کرتے ہوئے ضروری ترمیمات کی گئی ہے۔ حکومت نے فیس I کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے فینانس کمیشن نے قرض کی منظوری سے اتفاق کیا لیکن پہلی قسط ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے افسوس کا اظہار کیا کہ تمام معاہدات کی تکمیل کے باوجود 15 جون کو جاری ہونے والا قرض ابھی تک زیر التواء ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی امداد یا خیرات کا مطالبہ نہیں کر رہی ہے بلکہ مرکزی ادارہ کے ساتھ طئے شدہ معاہدہ کے مطابق قرض کی اجرائی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کشن ریڈی سے اپیل کی کہ تلنگانہ کے سینئر وزیر کے ناطے اپنی ذمہ داری نبھائیں اور قرض کی اجرائی کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ حکومت اپنے وسائل کے ذریعہ فیس II تک عمل آوری کے لئے تیار ہے اور مرکز کو صرف این او سی جاری کرنا چاہئے ۔ 1/k