حیدرآباد11اگست(یواین آئی ) اسپیکر اسمبلی پی سرینواس ریڈی نے عوامی نمائندوں، لڑکوں،لڑکیوں اور محکمہ پولیس کے ساتھ آج آزادی کے 75برس کی تقاریب کے طورپر کاما ریڈی کے بانسواڑہ میں فریڈم رن میں حصہ لیا۔اس موقع پر سرینواس ریڈی نے کہاکہ بچوں کے بیچ آزادی کا جشن منانے کا یہ بہترین موقع ہے ۔آج کی نسل کے بچے یہ سمجھنا چاہتے ہیں کہ آزادی کا مطلب کیا ہے ۔انگریزوں کے دور حکومت میں ملک اور عوام غلاموں کی طرح زندگی گزارتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو آزادی کی اہمیت سے واقف کروانا چاہئے ۔ مہاتما گاندھی جیسی اہم شخصیات نے انگریزوں سے آزادی کی لڑائی لڑی اور 200 سال کی غیر ملکی حکمرانی سے ملک کو آزاد کروایا۔آج ہم جو آزادی حاصل کر رہے ہیں وہ ان کی قربانی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے ثمرات سب کے ساتھ بانٹنے چاہئیں، غربت مٹائی جائے اور تمام خوشی سے زندگی بسر کریں۔