نئے چیف سکریٹری کیلئے چار سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کے نام زیر غور

   

شانتی کماری کی اپریل میں سبکدوشی، جیش رنجن ، شیشانگ گوئل ،رام کرشنا راؤ اور وکاس راج اہم دعویدار
حیدرآباد 30۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں نئے چیف سکریٹری کے تقرر کیلئے حکومت کی مشاورت کا آغاز ہوچکا ہے اور اس عہدہ کیلئے چار سینئر آئی اے ایس عہدیدار دوڑ میں ہیں۔ موجودہ چیف سکریٹری شانتی کماری 7 اپریل کو وظیفہ پر سبکدوش ہوں گی۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد حکومت نے چیف سکریٹری کو تبدیل نہیں کیا اور شانتی کماری کو برقرار رکھا گیا۔ گزشتہ دنوں بعض وزراء نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرکے شانتی کماری کو وظیفہ پر سبکدوشی سے قبل تبدیل کرنے کا مشورہ دیا اور شکایت کی کہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل میں چیف سکریٹری دلچسپی نہیں لے رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں کوئی تیقن نہیں دیا۔ خاتون چیف سکریٹری کی اچانک تبدیلی سے آئی اے ایس عہدیداروں میں امکانی ناراضگی کے پیش نظر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری عہدہ کیلئے چار سینئر عہدیداروں نے سرگرمیوں کا آغاز کرکے مختلف وزراء کے ذریعہ چیف منسٹر تک سفارشات پہنچائی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے چاروں دعویداروں کی کارکردگی کی رپورٹ طلب کی ہے۔ چیف سکریٹری کے دعویداروں میں جیشن رنجن ، وکاس راج ، رام کرشنا راؤ اور شیشانگ گوئل شامل ہیں۔ 1992 بیاچ سے تعلق رکھنے والے جیش رنجن فی الوقت اسپیشل چیف سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی و انڈسٹریز کے عہدہ پر برقرار ہیں۔ حال میں ڈاؤس دورہ کے موقع پر تلنگانہ کیلئے بھاری سرمایہ کاری کے حصول میں ان کی مساعی سے چیف منسٹر خوش ہیں اور امید ہے کہ بہتر کارکردگی کے صلہ میں انہیں چیف سکریٹری مقرر کیا جائے گا۔ جیش رنجن کو وظیفہ پر سبکدوشی کیلئے مزید ڈھائی سال باقی ہیں۔ 1991 بیاچ کے رام کرشنا راؤ کی اگست میں وظیفہ پر سبکدوشی ہوگی اور وہ فی الوقت اسپیشل چیف سکریٹری فینانس کا عہدہ رکھتے ہیں۔ رام کرشنا راؤ کو چیف سکریٹری مقرر کرنے پر اگست میں دوبارہ نئے چیف سکریٹری کا انتخاب کرنا پڑیگا۔ 1992 آئی اے ایس بیاچ کے وکاس راج ، اسپیشل چیف سکریٹری عمارات و شوارع ہیں۔ انتخابات کے موقع پر وہ چیف الیکٹورل آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وکاس راج کی وظیفہ پر سبکدوشی کیلئے 3 سال سے زائد کا عرصہ ہے۔ چیف سکریٹری کے عہدہ کے چوتھے دعویدار شیشانگ گوئل ہیں جن کا تعلق 1990 آئی اے ایس بیاچ سے ہے۔ وہ ڈاکٹر چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائرکٹر جنرل کے عہدہ پر برقرار ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی چاروں آئی اے ایس عہدیداروں میں کس کا انتخاب کریں گے۔1