نا بالغوںکی جنس کی تبدیلی کے آپریشن پر پابندی

   

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے ملک میں 19 برس سے کم عمر افراد کیلئے جنس کی تبدیلی سے متعلق اقدامات پر قیود عائد کر دی گئی ہیں۔ یہ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو ہدف بنانے کے حوالے سے تازہ ترین اقدام ہے ۔اس سے قبل 20 جنوری کو حلف برداری کے بعد اپنے خطاب میں ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ان کی حکومت ملک میں صرف دو جنسوں کو تسلیم کرے گی یعنی مرد اور عورت !اپنے حالیہ ایگزیکٹو آرڈر میں ٹرمپ نے کہا کہ آج پورے ملک میں ڈاکٹر حضرات بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو جسمانی طور پر نقصان پہنچا رہے ہیں… یہ خطرناک رجحان ہماری قوم کی تاریخ میں کلنک کا ٹیکہ بن جائے گا اور اس کو ختم ہونا چاہیے۔ ٹرمپ کے مطابق ان کی انتظامیہ کسی بچے کی ایک جنس سے دوسری جنس میں تبدیلی کے عمل میں کسی قسم کی مالی رقم، سرپرستی یا معاونت فراہم نہیں کرے گی، یہ امریکہ کی پالیسی ہے ۔