نامپلی کے ریڈہلز میں اندراماں ٹاور کا سنگ بنیاد، 480 استفادہ کنندگان کا انتخاب

   

شہری علاقوں میں ٹاورس کا طریقہ کار، ریاستی وزراء سرینواس ریڈی، اظہرالدین اور عوامی نمائندوں کی شرکت

حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) وزیر امکنہ پی سرینواس ریڈی نے نامپلی اسمبلی حلقہ میں آج اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے تحت اندراماں ٹاور کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ ریڈہلز کے علاقہ میں 43.20 کروڑ کے خرچ سے ٹاور تعمیر کیا جائے گا جس میں 480 مستحق اور غریب خاندانوں کو مکانات الاٹ کئے جائیں گے۔ ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، رکن اسمبلی ماجد حسین، کانگریس قائد محمد فیروز خان، منیجنگ ڈائرکٹر ہاؤزنگ بورڈ وی پی گوتم اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اِس موقع پر قرعہ اندازی کے ذریعہ استفادہ کنندگان کا انتخاب عمل میں آیا۔ وزیر امکنہ سرینواس ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت غریب خاندانوں کو شہری اور دیہی علاقوں میں مکانات فراہم کررہی ہے۔ ہر غریب خاندان کا خواب ایک ذاتی مکان ہوتا ہے اور اِس کی تکمیل کے لئے حکومت نے کیور اور کور اربن علاقوں میں سرکاری اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹاورس کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ گراؤنڈ + 10 فلورس پر مشتمل ٹاورس تعمیر کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ شہری علاقوں میں ایک ایکر اراضی کی قیمت 200 تا 250 کروڑ ہے۔ حکومت نے اراضی کی فروخت کے ذریعہ زائد آمدنی کے حصول کے بجائے غریبوں کے لئے مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پہلے مرحلہ میں 480 استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا گیا جبکہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے مرحلہ کے تحت بھی مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ شہر کے 20 اسمبلی حلقہ جات میں اراضیات کی نشاندہی کی گئی اور 16 اسمبلی حلقہ جات میں تعمیری کاموں کا جلد آغاز ہوگا۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ تعمیر کئے جانے والے ایک اپارٹمنٹ کی لاگت تقریباً 80 لاکھ سے ایک کروڑ تک ہوسکتی ہے۔ حکومت نے اندرون ایک سال ٹاور کی تکمیل کا منصوبہ بنایا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق بی آر ایس دور حکومت میں غریبوں سے ڈبل بیڈ روم مکانات کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن شہر سے 30 تا 40 کیلو میٹر کی دوری پر مکانات تعمیر کئے گئے جہاں کوئی بھی منتقلی کے لئے تیار نہیں ہے۔ اندراماں ٹاورس میں استفادہ کنندگان کو کسی چارجس کے بغیر رجسٹریشن کیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ اندراماں ٹاورس میں پانی، ڈرینج اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ سرینواس ریڈی نے منتخب 480 استفادہ کنندگان میں الاٹمنٹ لیٹرس حوالے کئے۔ کلکٹر حیدرآباد پرینکا آلا اور منیجنگ ڈائرکٹر ہاؤزنگ بورڈ وی پی گوتم نے انتظامات کی نگرانی کی۔V/1