سرکاری اراضی کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کرنے عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت
نظام آباد۔ 16 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نظام آباد شہر میں سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کے خلاف ضلع کلکٹرنظام آباد ایلا ترپاٹھی کی ہدایت پر محکمہ ریونیو، میونسپل کارپوریشن اور پولیس کے عہدیداروں نے کارروائی کرتے ہوئے مجاہد نگر اور قلعہ روڈ کے علاقوں میں غیر قانونی قبضوں کو برخواست کردیا اور جے سی بی مشینوں کی مدد سے غیر مجاز تعمیرات کو منہدم کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مجاہد نگر علاقے میں سروے نمبر 2545 کے تحت موجود 18 ایکڑ سرکاری اراضی میں سے 13 گنٹے زمین پر ناجائز قبضے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اس سلسلے میں عہدیداروں نے مقام کا معائنہ کرتے ہوئے باقاعدہ سروے کیا اور قبضوں کی تصدیق کے بعد غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیا۔ اسی طرح شہر کے اہم علاقہ قلعہ روڈ پر سروے نمبر 25/45 کے تحت واقع تقریباً دو ایکڑ قیمتی کھلی سرکاری اراضی پر بھی بعض افراد کی جانب سے قبضے کی کوشش کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اراضی پر قبضہ کرنے کی غرض سے شیٹوں کی دیوار تعمیر کی گئی تھی۔ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع کلکٹر نے متعلقہ محکمہ مال اور میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں سے تفصیلات طلب کیں اور غیر قانونی قبضے فوری طور پر برخواست کرتے ہوئے اراضی کو دوبارہ سرکاری تحویل میں لینے کی ہدایت دی۔ کلکٹر کے احکامات پر تحصیلدار سریدھر کی قیادت میں محکمہ مال اور میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں و عملے نے پولیس بندوبست کے درمیان قلعہ روڈ پہنچ کر جے سی بی مشینوں کے ذریعہ غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ شیٹوں کی دیوار کو منہدم کردیا اور اراضی کو سرکاری تحویل میں لے لیا۔ اس کارروائی کے بعد ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے واضح کیا کہ سرکاری اراضی پر ناجائز قبضوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری اراضی کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، ضرورت کے مطابق فینسنگ نصب کی جائے اور جہاں کہیں بھی غیر قانونی قبضوں کی نشاندہی ہو، وہاں بلا تاخیر تجاوزات برخواست کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، تاکہ سرکاری املاک کو ناجائز قبضوں سے محفوظ رکھا جاسکے۔