نوئیڈا: دہلی۔این سی آر میں ہندوستان میں مقیم غیر قانونی طور پر رہنے والے بنگلہ دیشیوں کیخلاف دھڑ پکڑ اور تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس کے تحت دہلی، غازی آباد اور نوئیڈا پولیس اپنے اپنے علاقوں میں لگاتار چھان بین کر رہی ہے۔ اب تک اس آپریشن میں کئی بنگلہ دیشی شہریوں کو غیر قانونی طور پر قیام کے الزام میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔اس سلسلے میں، نوئیڈا سیکٹر 39 پولیس اسٹیشن نے مقامی انٹیلی جنس اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے جمعرات(13فروری کو) 8 بنگلہ دیشی شہریوں کو گرفتار کیا۔ ان ملزمان کو پلر نمبر 82، سالار پور دادری روڈ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمین کے پاس سے 6 فرضی آدھار کارڈ اور ایک جعلی پین کاربھی ڈ برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان کیخلاف غیر ملکی قانون کی دفعہ 336 (3)/340 (2) بی این ایس اور 14 (اے) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔یہ کارروائی جعلی دستاویزات سے بنگلہ دیشی شہریوں کی شناخت کے سنگین معاملات میں سخت نگرانی اور احتیاط کا نتیجہ ہے۔ پولیس نے ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔پولیس حکام کے مطابق اس طرح کی مہم مسلسل چلا کر گوتم بدھ نگر ضلع کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم بنگلہ دیشی شہریوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور انہیں گرفتار کر کے ہندوستان بدر کرنے کی بھی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔پولیس کے مطابق بہت سے بنگلہ دیشی ایسے ہیں جو غیر قانونی طور پر ہندوستان میں داخل ہوئے ہیں اور اپنے آدھار کارڈ بنوانے کے بعد ہندوستان کے مختلف حصوں میں رہ رہے ہیںاور کام کر رہے ہیں۔گرفتار شدہ بنگلہ دیشیوں کی عمریں 18 تا 24 سال ہے۔ ان سے پولیس تمام زاویوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے تفتیش کررہی ہے ۔