لکھنو: اترپردیش کی ریاست میں گذشتہ کچھ دنوں سے کسی نہ کسی معاملہ کو لیکر مکانوں پر بلڈوزر چلانے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔اب چونکا دینے والا غیر یقینی معاملہ سامنے آیا ہے۔نوئیڈا کی گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں ایک خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے بی جے پی لیڈر شری کانت تیاگی کے خلاف انتظامیہ نے بڑی کارروائی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تیاگی کی اومیکس سوسائٹی میں غیر قانونی تعمیرات ہیں۔ پیر کی صبح انتظامیہ بلڈوزر لے کر یہاں پہنچی اور غیر قانونی تعمیرات کو توڑنا شروع کر دیا۔ اس معاملے میں پولیس اسٹیشن فیز 2 کے انچارج سوجیت اپادھیائے کو پہلے لاپرواہی برتنے پر معطل کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد آج یعنی پیر کی صبح ہی انتظامیہ کے بلڈوزر نے تیاگی کی غیر قانونی تعمیر کو گرادیا۔اتوار کی رات ہی تیاگی کے 15 غنڈہ عناصر اومیکس سوسائٹی میں داخل ہوئے تھے۔ انہوں نے یہاں لوگوں پر پتھراؤ کیا اور ان کی پٹائی کی۔ اس سے قبل شریکانت تیاگی نے سوسائٹی کی ایک خاتون اور اس کے شوہر کے ساتھ بدسلوکی کی تھی۔ تیاگی کی گرفتاری کے لیے بارہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تمام ملزمان غازی آباد کے رہنے والے ہیں۔ گرفتار ملزمان کے کچھ ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس ان کو تلاش کر رہی ہے۔ لوکندر تیاگی، راہول تیاگی، روی پنڈت، پرنس تیاگی، نتن تیاگی، چرچل رانا سمیت 10 سے زیادہ لوگ اتوار کی رات سیکٹر 93-B میں واقع ایک سوسائٹی میں رہنے والی متاثرہ خاتون کے گھر پہنچے تھے۔