نوہیرا شیخ کی غیر منقولہ جائیدادوں کی نیلامی

   

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : ای ڈی حیدرآباد نے ملزم نوہیرا شیخ ہیرا گروپ آف کمپنیز اور متعلقہ اداروں کی 23 منسلک غیر منقولہ جائیدادوں کی نیلامی کی ہے جس کی مالیت تقریبا 159 کروڑ روپئے ہے ۔ میٹل اسکراپ ٹریڈ کارپوریشن لمٹیڈ کے ذریعہ ملزم نوہیرا شیخ ، ہیرا گروپ آف کمپنیز اور دیگر متعلقہ اداروں کی جائیداد کی نیلامی کی گئی ۔ ای ڈی عہدیداروں نے نوہیرا شیخ کو سرمایہ کاروں کے دھوکہ دہی کے معاملے میں منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کی دفعات کے تحت ہریانہ کے گروگرام میں 21 مئی کو گرفتار کیا تھا ۔ عہدیداروں نے الزام لگایا کہ ہیرا گروپ کے ذریعے شروع کی گئی سرمایہ کاری اسکیموں کے ذریعہ 1,72,114 سے زیادہ سرمایہ کاروں کو 3000 کروڑ سے زیادہ کا دھوکہ دیا گیا ۔ ای ڈی کے مطابق ڈپازیٹرس سے جمع کی گئی رقوم مبینہ طور پر کمپنی کے بینک کھاتوں کے ذریعے ذاتی کھاتوں میں رقم منتقل کی گئی اور منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کو حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا ۔ نوہیرا شیخ سے نیلامی میں تعاون کی اپیل کی گئی تھی جس کے بعد وہ فرار ہوگئی تھی۔ نوہیرا شیخ کی تلاشی مہم شروع کی گئی اور آخر کار انہیں ہریانہ میں گرفتار کیا گیا اور اب ان کی جائیدادوں کو نیلام کیا گیا ۔۔ ش m/b