یروشلم ۔ 11 اپریل (ایجنسیز) اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے کی سماعت اتوار کو دوبارہ شروع ہو گی۔ وہ اسرائیل کی تاریخ کے پہلے برسر اقتدار وزیر اعظم ہیں جن پر بدعنوانی کے الزام میں باقاعدہ مقدمہ چل رہا ہے۔ یروشلم ڈسٹرکٹ کورٹ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا، ’’عدالتی نظام کی بحالی ‘‘ کے بعد نیتن یاہو کے مقدمے کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ سماعت کا آغاز اتوار کو ہو گا۔ اسرائیل میں عدالتی سرگرمیاں جنگ کے باعث متاثر ہو گئی تھیں، تاہم فوج کی ہوم فرنٹ کمانڈ نے امریکہ اور ایران کے درمیان عارضی جنگ بندی کے بعد ملک کے بیشتر حصوں میں سرگرمیوں کی بحالی کی منظوری دے دی۔ نیتن یاہو پر تین مقدمات میں الزامات عائد ہیں۔ دو میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسرائیلی میڈیا اداروں سے مثبت کوریج حاصل کرنے کے لیے مبینہ طور پر سودے بازی کی جبکہ تیسرے مقدمہ میں الزام ہے کہ انہوں نے ارب پتی شخصیات سے سیاسی فوائد کے بدلے 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد مالیت کے قیمتی تحائف قبول کیے۔ چوتھا بدعنوانی کا ایک اور الزام پہلے ہی خارج کیا جا چکا ہے۔W/F