نیویارک میں نیتن یاہو کیخلاف احتجاج کرنے والے گرفتار

   

نیویارک۔ 26 ستمبر (ایجنسیز) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آمد کے موقع پر نیویارک میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی جہاں پولیس نے غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے 103 مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ مظاہرے کا آغاز اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے قریب سے ہوا جہاں سیکڑوں افراد نے سڑک بند کر کے دھرنا دیا۔ شرکا کا مطالبہ تھا کہ غزہ میں جاری خونریزی کو فوری طور پر روکا جائے اور اسرائیل کو ملنے والی امریکی فوجی امداد کا سلسلہ بند کیا جائے۔ نیویارک پولیس کے مطابق مظاہرین کی جانب سے امن و امان کی صورتحال متاثر کرنے پر کارروائی کی گئی اور 103 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان افراد میں 9 منتخب عہدیدار اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار بھی شامل تھے جنہیں بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔ اس بڑے عوامی احتجاج کی قیادت جیوش وائس فار پیس اور نیویارک ڈیموکریٹک سوشلسٹس آف امریکہ نے کی جس میں 400 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور امریکی حکومت سے غزہ کی صورتحال پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کا سخت مطالبہ کیا تھا۔