نئی دہلی۔عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے ایودھیا میں غیر متنازعہ زمین پر امتناعات ہٹانے کی مانگ کی ہے۔
رام مندر کے لئے قانون کی مانگ کررہی وی ایچ پی کا کہنا ہے کہ یہ ویسے تو پہلے ہی ہوجانا چاہئے تھا لیکن صبح کے بھولا شام کو آجائے تو اچھا ہی ہے۔ وہیں وی ایچ پی کے سابق لیڈر اور بین الاقوامی ہندو پریشد کے موجودہ صدر پروین توگاڑیہ نے کہاکہ حکومت کا یہ اقدام پندرہ لاکپ روپئے جیسا ہی ہے۔
وی ایچ پی کے کارگذار صدر الوک کمار نے مرکز کی عدالت میں پیش کی گئی درخواست پر کہاکہ پو را معاملہ تو تب سلجھے گا جب متنازعہ زمین پر فیصلہ ہوگاجس کے لئے ہماری کوشش جاری ہے اور چہارشنبہ وجمعرات کے روز دھرم سنسد میں سادھوسنت ملکر اس پر فیصلہ کریں گے۔
وہیں آر ایس ایس دہلی یونٹ کے پرمکھ راجیوتولی نے کہاکہ ہم حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور عدالت کو بھی اس معاملے کی نوعیت کو سمجھنا چاہئے اور جس کی زمین ہے اسے واپس لوٹادینا چاہئے۔