صحافیوں سے اظہار تشکر ، مسائل کی یکسوئی کیلئے انتھک جدوجہد کرنے کا عزم
حیدرآباد ۔ 29 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے لیے کے وراحت علی بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے ۔ انہوں نے دو مرتبہ ٹی یو ڈبلیو جے کے اسٹیٹ جنرل سکریٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہے ۔ وراحت علی نے آج ریاست کے تمام اضلاع صدور ، سکریٹریز اور یونین اراکین کی تائید سے ریٹریننگ آفیسر رویندرا شیو اور اسسٹنٹ ریٹریننگ آفیسر ملیا کو اپنا پرچہ نامزدگی پیش کیا ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی 29 دسمبر آخری تاریخ تھی ۔ ایک ہی پرچہ نامزدگی وصول ہونے پر وراحت علی بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے ۔ اس موقع پر انڈین جرنلسٹ یونین کے صدر کے سرینواس ریڈی ، آئی جے یو اسٹرینگ کمیٹی کے رکن ڈی امر قومی سکریٹری وائی نریندر ریڈی ، پریس کونسل آف انڈیا کے سابق رکن ایم اے ماجد قومی عاملہ کے رکن کے ستیہ نارائنا اسٹیٹ یونین کے نائب صدور کے رام نارائنا ، ڈی رمیش اسٹیٹ سکریٹریز فیصل احمد ، جی سرینواس جی مدھوگوڑ کے بشمول 32 اضلاع کے صدور و سکریٹریز بھی موجود تھے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے نو منتخب صدر وراحت علی نے انہیں بلا مقابلہ صدر منتخب کرنے پر تمام صحافیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور میڈیا کی آزادی کے لیے اپنی طرف سے ہر ممکن جدوجہد کریں گے ۔ اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد صحافیوں نے ان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ٹی یو ڈبلیو جے کا انہیں دو مرتبہ اسٹیٹ جنرل سکریٹری منتخب کیا ۔ آج انہیں بلا مقابلہ صدر منتخب کیا گیا ہے ۔ جس پر انہوں نے کہا کہ میں تمام صحافیوں کا شکر گذار ہوں ۔ صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی کے لیے اپنی طرف سے ہر ممکن کوشش کروں گا ۔ صحافیوں کے ہیلت مسائل اور گھروں کے لیے اراضی حاصل کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔۔ 2