نئی دہلی،6 نومبر(آئی اے این ایس) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھمن گل نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ونڈے سیریز آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ کی تیاری کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوگی، کیونکہ نیوزی لینڈ میں اس وقت جو موسمی اورکھیل کے حالات ہیں، وہ ورلڈ کپ کے دوران متوقع حالات سے کافی حد تک مشابہ ہوں گے۔ ان کے مطابق ورلڈکپ اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا، اس لیے نومبر کے ابتدائی دنوں میں نیوزی لینڈ کے خلاف یہ سیریز ہندوستانی کھلاڑیوں کو ان حالات سے ہم آہنگ ہونے کا قیمتی موقع فراہم کرے گی۔ بی سی سی آئی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ویڈیو میں گل نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں اس وقت جو حالات ہیں، وہ ورلڈکپ کے دوران ملنے والے حالات سے کافی ملتی جلتی ہوں گی۔ عام طور پر جب ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ یا آسٹریلیا کا دورہ کرتی ہے تو مقابلے دسمبر یا جنوری میں کھیلے جاتے ہیں، جبکہ آئندہ ورلڈکپ اکتوبر اور نومبر میں ہوگا۔ اس لیے موجودہ سیریزکھلاڑیوں کے لیے ان حالات کو سمجھنے اور ان کے مطابق اپنی تیاری کرنے کا بہترین موقع ہے۔ہندوستانی ٹیم ہفتہ کو کھیلے جانے والے دوسرے ونڈے میں پانچ میچوں کی سیریز میں1۔0 کی برتری کے ساتھ اترے گی۔ آکلینڈ میں چہارشنبہکو کھیلے گئے پہلے مقابلے میں بارش سے متاثرہ میچ کے دوران ہندوستان نے ڈک ورتھ لوئس اسٹرن (ڈی ایل ایس) نظام کے تحت مقررہ 143 رنزکا نظرثانی شدہ ہدف حاصل کرکے کامیابی درج کی تھی۔ تاہم ویلنگٹن میں ہفتہ کو ہونے والے دوسرے مقابلے پر بھی بارش کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ موسم کی پیش قیاسی کے مطابق بارش کا امکان ہے، جس کے باعث ایک بار پھر میچ متاثر ہوسکتا ہے۔گل نے بتایا کہ وہ ٹیم کے ساتھ شامل ہونے سے پہلے ہی نیوزی لینڈ پہنچ گئے تھے تاکہ چار سے پانچ اضافی تربیتی سیشن حاصل کرسکیں۔ ان کی اس پیشگی آمد کا بنیادی مقصد ریڈ بال کرکٹ کے لیے یہاں کے حالات کو سمجھنا اور اپنی تکنیک پرکام کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے نیوزی لینڈ میں ابھی تک کوئی ٹسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔ اگرچہ وہ یہاں ہندوستان کی جانب سے چند مقابلوں میں حصہ لے چکے ہیں، لیکن ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کا تجربہ نہیں رکھتے۔ اسی لیے وہ یہاں آکر ریڈ بال کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانا چاہتے تھے۔