ورلڈکپ میں پھر اپ سٹ: افغانستان نے پہلی بار پاکستان کو ہرا یا

,

   

چینائی : آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان نے بڑا اپ سٹ کرتے ہوئے پہلی بار پاکستان کو شکست دے کر پیر کو ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔افغانستان نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف با آسانی 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ابراہیم زدران 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔افغانستان کی پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی ہے جبکہ رواں ورلڈکپ میں افغان ٹیم نے دوسرا اپ سٹ کیا ہے۔اس سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دے کر بڑا اپ سٹ کیا تھا۔ واضح رہے کہ گرین شرٹس کو رواں ورلڈکپ میں تیسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، پاکستان نے اب تک ورلڈکپ میں 5 میچز کھیلے جس میں 2 میں کامیابی ہوئی جبکہ 3 میچز میں شکست ہوئی۔ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے گرین شرٹس کو اپنے بقیہ 4 میچز ضرور جیتنا ہوں گے ۔ چینائی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے، بابر اعظم 74 اور عبد اللہ شفیق 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔ افغانستان کے خلاف گرین شرٹس کا آغاز اچھا رہا، اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق کے درمیان 50 رنز سے زائد کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر 56 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، امام 17 رنز بناکر عظمت اللہ عمرزئی کی گیند کا شکار ہوئے۔ایک وکٹ گرنے کے بعد بابر اور عبد اللہ شفیق کے درمیان بھی 54 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر عبد اللہ 58 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اس کے علاوہ محمد رضوان بھی 8 رنز بناکر نور احمد کا شکار ہوئے جبکہ سعود شکیل 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ایسے میں کپتان بابر اعظم نے بھی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ بھی 92 گیندوں پر 74 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔اختتامی اوورز میں افتخار احمد اور شاداب خان نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی، افتخار 27 گیندوں پر 40 اور شاداب 38 گیندوں پر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شاہین آفریدی 3 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔یوں پاکستان نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔افغانستان کی جانب سے نوجوان اسپنر نور احمد نے 3، فاسٹ بولر نوین الحق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد نبی اور عظمت اللہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔پاکستان کے 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بیاٹرز نے شروع سے ہی پاکستان بولرز کا جم کر مقابلہ کیا، دونوں اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم کو 130 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔گرین شرٹس کی جانب سے خراب فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے بولرز مخالف ٹیم پر دباؤ نہیں ڈال سکے۔تاہم اوپنر گرباز 65 اور ابراہیم 87 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، 2 وکٹیں گرنے کے بعد بھی افغان ٹیم بالکل دباؤ میں نہیں آئی اور کپتان حشمت اللہ اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کو جیت دلوادی۔کپتان حشمت اللہ 48 اور رحمت شاہ 77 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، افغانستان نے پاکستان کا ہدف 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔آئی سی سی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو انڈیا پہلے،نیوزی لینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے اور آسٹریلیا چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ شکست کے باوجود پاکستان کا نمبر پانچواں ہے۔پاکستان کے خلاف تاریخی فتح کے بعد افغانستان چھٹے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔