نئی دہلی، 3 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی پیر سے انڈونیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے چھ روزہ دورے پر روانہ ہوں گے ۔وزارت خارجہ میں سکریٹری (مشرقی امور) رودریندر ٹنڈن نے جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مسٹر مودی 6 سے 11 جولائی تک ان تینوں ممالک کے دورے پر رہیں گے ۔ وہ 6 سے 8 جولائی تک انڈونیشیا، 8 سے 10 جولائی تک آسٹریلیا اور 10 سے 11 جولائی تک نیوزی لینڈ کا دورہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا میں وزیر اعظم کی اہم مصروفیات دارالحکومت جکارتہ میں ہوں گی۔ بعد ازاں وہ ثقافتی دارالحکومت یوگیاکارتا بھی جائیں گے اور پرمبانن مندر کا بھی دورہ کریں گے ۔مسٹر ٹنڈن نے کہا کہ گزشتہ سال انڈونیشیا کے صدر کے دورئہ ہند کے بعد ہونے والے اس دورے کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ملاکا میں استحکام اور سلامتی کے حوالے سے انڈونیشیا کا اہم کردار ہے ۔ٹنڈن نے کہا کہ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں مودی آسٹریلیا جائیں گے ، جہاں وہ آسٹریلیا کے وزیر اعظم کے ساتھ تیسرے ہند-آسٹریلیا سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ دونوں رہنما اہم معدنیات، سائبر سکیورٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر تبادلۂ خیال کریں گے ۔ مودی میلبورن میں ایک کھیلوں کے پروگرام میں بھی شرکت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ دورے کے تیسرے اور آخری مرحلے میں وزیر اعظم نیوزی لینڈ جائیں گے ، جہاں وہ اپنے ہم منصب کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے ۔ گزشتہ چالیس برس سے زیادہ عرصے میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا یہ پہلا دورئہ نیوزی لینڈ ہوگا۔ اس سے قبل سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی 1986 میں نیوزی لینڈ گئے تھے ۔
ہندوستان ایندھن سستا کیوں نہیں؟
نئی دہلی : /3 جولائی (ایجنسیز) بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود جو حالیہ جغرافیائی سیاسی تنازعات سے پہلے کی سطح پر آچکی ہیں ، بھارتی صارفین کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی نمایاں کمی دیکھنے کو نہیں ملی ہے ۔ حکومت کا بیان ہے کہ عالمی تغیر کا فوری اثر نہیں ہوتا ہے ۔ اس کیلئے تقریباً تین ماہ درکار ہوتے ہیں ۔