نئی دہلی میں ریونت ریڈی کی ملاقات، ڈیفنس ایکسپو اور عادل آباد میں ایرپورٹ کی تعمیر پر بات چیت
حیدرآباد۔2 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے ڈسمبر میں منعقد ہونے والے انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026 میں شرکت کی دعوت دی ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ بھارت فیوچر سٹی میں 7 تا 9 ڈسمبر یہ سمٹ منعقد ہوگا جس میں عالمی سطح کے اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ ریونت ریڈی نے نئی دہلی میں وزیر دفاع سے ملاقات کی اور انویسٹ سمٹ کے تحت منعقد ہونے والی ڈیفنس ایکسپو 2026 کے افتتاح کی درخواست کی ۔ چیف منسٹر نے راجہ سنگھ سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیفنس ایکسپو میں ایرو اسپیس ، خلائی تحقیق اور دفاع سے متعلق مختلف شعبہ جات کے ادارے شرکت کریں گے۔ باوقار ایر شو ، صنعتی نمائش اور زمینی دفاعی نظام کا براہ راست مظاہرہ پیش کیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک بھر سے ڈیفنس انڈسٹریز ، اسٹارٹ اپس اور نوجوان سائنسدانوںکی شرکت متوقع ہے۔ وزیر دفاع کی شرکت اور رہنمائی سے حوصلہ افزائی ہوگی۔ راجناتھ سنگھ کو بتایا گیا کہ تلنگانہ حکومت حیدرآباد میں منعقد ہونے والے ڈیفنس ایکسپو کے استقبال کی منتظر ہے۔ انہوں نے ایکسپو کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کامیاب بنانے کیلئے وزارت دفاع کی جانب سے تعاون کی اپیل کی۔ ایرشو کے انعقاد کیلئے ضروری فضائی حدود کی اجازت فراہم کرنے کے علاوہ انڈین ایرفورس کے طیاروں ، سوریا کرن اور سارنگ ایروناٹک ٹیموں کی شرکت میں تعاون کی درخواست کی۔ چیف منسٹر نے بحری ، بری اور فضائی افواج کے جدید ترین دفاعی نظام کو نمائش میں پیش کرنے سے واقف کرایا اور کہا کہ تینوں افواج کے اعلیٰ عہدیدار شریک ہوں گے ۔ راجناتھ سنگھ سے درخواست کی گئی کہ ایچ اے ایل ، بی ای ایل ، بی ڈی ایل ، ایم ڈی ایل کے بشمول دیگر دفاعی سرکاری شعبہ کے اداروں اور ڈی آر ڈی او کی تجربہ گاہوں کو ڈیفنس ایکسپو میں شرکت کی ترغیب دی جائے تاکہ ملک میں تیار کردہ دفاعی ٹکنالوجی کو پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی وزارت دفاع کے نمائندے اور دفاعی اداروں کے عہدیداروں سے ملاقات میں وزارت دفاع کا تعاون ضروری ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ عادل آباد ایرپورٹ کیلئے حکومت نے 750 ایکر اراضی حاصل کرلی ہے ۔ وزارت دفاع نے مجموعی طورپر 1500 ایکر اراضی کی درخواست کی ، اس لئے مزید 750 ایکر اراضی حاصل کرتے ہوئے وزارت دفاع کو واقف کیا جائے گا۔ محبوب نگر کے دیور کدرا منڈل میں دفاعی تحقیق اور تجربہ گاہ ڈی آر ڈی ایل کے تحت قائم کئے جانے کے لئے 416.18 ایکر اراضی مختص کی گئی ہے۔ تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن نے اراضی مختص کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ مکمل اراضی کیلئے سالانہ صرف ایک روپیہ کی لیز پر 33 سال کی مدت کیلئے اراضی مختص کی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر لیز میں مزید دو مرتبہ توسیع کی گنجائش رہے گی۔ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کے موقع پر ریاستی وزیر جی ویویک وینکٹ سوامی ، ارکان پارلیمنٹ انیل کمار یادو ، ڈاکٹر ملو روی ، سریش شیٹکر ، بلرام نائک اور حکومت کے مشیر وینو گوپال موجود تھے۔1/k/m/b