حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا نے آج سنگاریڈی ضلع کے مختلف سرکاری دواخانوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے عوام کیلئے طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اندول کے ایریا ہاسپٹل اور سنگاریڈی کے گورنمنٹ ہاسپٹل کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے دونوں ہاسپٹلس کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے بات چیت کی اور علاج کی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ وزیر صحت نے ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملے کی موجودگی کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ وزیر صحت نے کہا کہ علاج کے معاملہ میں ڈاکٹرس اور طبی عملے کو کوتاہی سے گریز کرنا چاہیئے۔ مریضوں نے علاج کی سہولتوںکو مزید بہتر بنانے کی اپیل کی۔ دامودھر راج نرسمہا نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ صحت و صفائی پر خصوصی توجہ دیں اور ڈاکٹرس کی مقررہ وقت پر آمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولتوںکو بہتر بنانے پر حکومت نے خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ جاریہ سال بجٹ میں سرکاری دواخانوں کیلئے اضافی فنڈز مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں سرکاری دواخانوں میں کارپوریٹ ہاسپٹلس کی طرز پر علاج کی سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ وزیر صحت نے سنگاریڈی کے کستوربا گاندھی گرلز اسکول کی طالبات کی ہاسپٹل پہنچ کر عیادت کی۔ گذشتہ دنوں سمیت غذا سے متاثرہ طالبات کو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ وزیر صحت نے ڈاکٹرس اور محکمہ صحت کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ طلبہ کے موثر علاج پر توجہ مبذول کریں۔1