اسٹیشنوں کو ترقی دینے کے اقدامات ، حکومت ہند سے 25 کروڑ روپیوں کی اجرائی
حیدرآباد۔21جولائی(سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے ملک بھر میں قدیم ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دیتے ہوئے ان میں مسافرین کو معیاری عصری سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں جو اقدامات کئے ہیں ان کے تحت شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں موجود وقار آبادجنکشن اور تانڈور ریلوے اسٹیشن کو بھی’ امرت بھارت اسٹیشن اسکیم‘ کے تحت ترقی دینے کے اقدامات کا آغاز کیاگیا ہے جو کہ تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ حکومت ہند کی اسکیم کے تحت وقار آبادجنکشن ‘ تانڈور ریلوے اسٹیشن کو بھی اس منصوبہ میں شامل کیاگیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت کے اس منصوبہ کے تحت دونوں ریلوے اسٹیشنوں میں لفٹ‘ اسکیلیٹر‘ معذورین کے لئے سہولتیں ‘ نئے بیت الخلاء کی تعمیر کے علاوہ بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کے لئے 25کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔سکندرآباد۔ واڑی جنکشن کی لائن پر موجود ان ریلوے اسٹیشنوں کی ترقی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ وقارآباد جنکشن کے لئے 25 کروڑ کی لاگت سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے اور یہ کام تیزی سے جاری ہیں۔وقارآباد جنکشن ریلوے اسٹیشن کے تعمیراتی کاموں میں بیت الخلائوں کو منہدم کرتے ہوئے ان کی جگہ نئے عصری اور بہتر سہولتوں کے حامل بیت الخلاء تعمیر کئے جاچکے ہیں اور معذور افراد کی سہولت کے لئے ریمپ کی تعمیر عمل میں لانے کے علاوہ نئی لفٹس لگانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔2023میں مرکزی وزارت ریلوے کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے مطابق وقار آباد جنکشن کو ترقی دینے کا فیصلہ کیاگیا تھا اور اسی سال مرکزی حکومت نے 25 کروڑ روپئے منصوبہ پر عمل آوری کے لئے منظور کرتے ہوئے جاری کئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ محکمہ ریلوے کے انجینئرس کی نگرانی میں انجام دیئے جانے والے ان کاموں کو مرحلہ وار انداز میں مکمل کیا جا رہاہے تاکہ مسافرین کو کسی بھی طرح کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اسٹیشن کی تزئین نو کو وقت پر مکمل کیا جاسکے۔ذرائع کے مطابق وقار آباد جنکشن کے کاموں کو 15 اگسٹ سے قبل مکمل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس ریلوے اسٹیشن پر عصری سہولتوں کی فراہمی کے بعد اس کا از سر نو 15 اگسٹ کو افتتاح متوقع ہے۔وقارآباد جنکشن کو ’امرت بھارت ریلوے اسکیم‘ میں شامل کئے جانے کے متعلق محکمہ ریلوے کے عہدیداروں کا کہناہے کہ وقار آباد محض ایک تجارتی مرکز نہیں ہے بلکہ وقار آباد میں موجود سیاحتی مقامات کے سبب اس جنکشن کی اپنی منفرد اہمیت ہے۔علاوہ ازیں ہفتہ کے اواخر میں شہر حیدرآباد سے ہزاروں کی تعداد میں شہری عوام تھکان اتارنے اور قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لئے شہر کے نواحی علاقوں میں موجود اس خطہ کا دورہ کرتے ہیں اسی لئے یہ ریلوے اسٹیشن مصروف ہوا کرتا ہے ۔3