وقف ترمیمی بل پر این ڈی اے کے اہم شراکت دار ہمارے ساتھ

   

سری نگر : اقلیتی امور اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی قیادت والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے دو اہم شراکت دار نتیش کمار اور این چندرا بابو نائیڈو وقف (ترمیمی) بل پر ہمارے ساتھ متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقف (ترمیمی) بل پر ایک فرضی بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے ۔موصوف مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔قابل ذکر ہے کہ وقف (ترمیمی) بل 2024 پر پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی (جے پی سی) کی رپورٹ اپوزیشن کے ہنگامہ کے درمیان 13 فروری کو پارلیمنٹ میں پیش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے پارلیمنٹ میں وقف (ترمیمی) بل پیش کی تو ہماری نیت بالکل واضح تھی اور ہم نے پارلیمنٹ کو یہ بھی بتایا کہ اس بل کا واحد مقصد ہندوستان میں وقف املاک کی حفاظت کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی وقف کے پاس کروڑوں روپیے مالیت کی جائیدادیں ہونے کے بوجود بھی بھیک مانگ رہا ہے تو یہ افسوس کی بات ہے ، اسی لیے ہم نے وقف بل میں یہ واضح کر دیا ہے کہ مسلمانوں سے جائیداد چھین کر کسی اور کو دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا’۔انہوں نے کہا کہ ملک قانون کے مطابق چل رہا ہے یہاں کوئی کسی کی جائیداد کو نہیں چھین سکتا ہے ۔ رجیجو نے کہا کہ اس بل سے شفافیت یقینی بن جائے گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہزاروں مسلمان بشمول خواتین مجھ سے اس سلسلے میں ملیں اور انہوں نے اس بل کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ بل کے بارے میں بہت پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے یہاں تک کہ حزب اختلاف کے بہت سے مسلم ممبران پارلیمنٹ جو بل کی حمایت کرتے ہیں، پارٹی کی مجبوریوں کی وجہ سے احتجاج کرتے ہیں۔تاہم مرکزی وزیرنے ان مسلم ارکان پارلیمان کے نام ظاہر کرنے سے انکار کیا جو اس بل کی حمایت کر رہے ہیں۔