وقف ترمیمی بل کیخلاف 10 مارچ کو مسلم پرسنل لا بورڈ کا احتجاج

   

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان اور مظاہرہ کےآرگنائزر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور متعدد مسلم تنظیموں اور عامۃ المسلمین نے مختلف طریقوں سے مرکزی حکومت، اس کی حلیف جماعتوں اور بطور خاص جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پوری قوت سے اپنا یہ موقف رکھا کہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ بل وقف املاک کو ہڑپ کرنے اور تباہ کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے اور اسے فوری طور پر واپس لیا جائے۔ تاہم حکومت کے کام پر جوں تک نہیں رینگی۔ اب جب کہ حکومت اسے پارلیمنٹ میں پیش کرنے جارہی ہے بورڈ کی مجلس عاملہ نے طے کیا ہے کہ حکومت اور سیاسی پارٹیوں کے ضمیر پر دستک دینے اور اپنے احتجاج کو درج کرانے کے لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ دہلی میں پارلیمنٹ کے سامنے جنتر منتر پر 10 مارچ کو دھرنا دے گا۔