کانپور : اترپردیش میں خطرناک مجرم وکاس دوبے اور اُس کے رشتہ داروں کی 50 کروڑ روپئے مالیت کی 10 جائیدادوں کو قرق کرلیا گیا۔ 2 کاروں سمیت 10 گاڑیوں کو بھی ضبط کرکے تھانے میں کھڑا کردیا گیا۔ ضبط شدہ زیادہ تر جائیدادیں زرعی اراضی ہے۔ مجموعی طور پر وصول کنندہ تحصیلدار نے جائیدادیں سیل کرکے چابیاں تھانے میں جمع کرادی ہیں۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نیہا شرما کی عدالت نے کانپور، لکھنؤ اور دیگر علاقوں میں وکاس کی تقریباً 67 کروڑ کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ تحصیلدار کو ریسیور بنادیا گیا ہے۔ پیر کو تحصیلدار نے وکاس دوبے، اُس کے والد رام کمار دوبے، بیوی رچا دوبے، بیٹے آکاش اور شانتنو ، بہنوئی دنیش کمار تیواری ، بہن چندراکانتی ، ریکھا دوبے اور قریبی دوست گوئند سائنی کی جائیدادوں کو سیل کردیا۔ زرعی زمین کو چاروں طرف سے سرخ ربن سے سیل کیا گیا ہے۔