واشنگٹن:امریکی محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ ستمبر 2020 میں اْس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دھمکی آمیز خط بھیجنے والی خاتون کو 22 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ میڈیا کے مطابق کینیڈا اور فرانس کی دوہری شہریت رکھنے والی 55 سالہ پاسکل سیسیل ویرونیک فیریئر نے رواں سال کے شروع میں اپنے جْرم کا اعتراف کیا تھا۔جمعرات کو امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خاتون نے وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ٹیکساس اسٹیٹ کے قانون نافذ کرنے والے آٹھ اہلکاروں کو زہر آلود ’رائسن‘ سے بھرے خطوط بھیجے تھے۔امریکی حکام نے زہریلے مواد سے بھرے ہوئے خط کا لفافہ ضبط کیا ہے جو وائٹ ہاؤس کے پتے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھیجا گیا تھا۔خط کے لفافے میں زہر آلود مواد ’رائسن‘ موجود تھا جو ارنڈی کی پھلیوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس زہریلے مواد کی معمولی مقدار بھی سونگھنے، نگلنے یا ٹیکہ لگانے سے جسمانی اعضا ناکارہ ہو جاتے ہیں۔