ٹرمپ کو سزا دلوانے کیلئے کافی ثبوت تھے، وکیل کا دعویٰ

   

واشنگٹن : امریکی محکمہ انصاف کے خصوصی وکیل جیک اسمتھ نے کانگریس کو دی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2020 ء کے صدارتی الیکشن کے نتائج پلٹنے کی کوششوں پر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف عدالتی کارروائی اور انہیں سزا دلوانے کے لیے کافی ثبوت موجود تھے۔ جیک اسمتھ نے کہا کہ ٹرمپ نے شکست واضح ہونے کے بعد اقتدار اپنے پاس رکھنے کے لیے مجرمانہ کوششوں کا ایک سلسلہ شروع کیا۔ ان کوششوں میں سرکاری حکام کو ووٹوں کی گنتی نظر انداز کرنے، انتخابی نتائج میں مداخلت کے لیے محکمہ انصاف اور اپنے نائب صدر مائیکل پنس پر اثر انداز ہونے اور انہیں اپنے حلف کے خلاف اقدامات کرنے پر اکسانے جیسے اقدامات شامل تھے۔جیک اسمتھ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹرمپ نے 6جنوری 2021 ء کو مشتعل ہجوم کو کیپٹل ہل پر چڑھائی کرنے اور کانگریس میں صدارتی نتائج کی توثیق کا عمل روکنے پر اکسایا۔ ٹرمپ نے اپنے منصوبوں پر عمل کرانے کے لیے اپنے شخصی اور سرکاری اثر و رسوخ کا استعمال کیا۔