ٹرمپ کی ’گولڈ کارڈ‘ ویزا اسکیم کامیاب!

   

واشنگٹن : امریکی وزیر نے امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کی ’گولڈ کارڈ‘ ویزا اسکیم کامیاب ہونے اور 1 دن میں 1000 کارڈ فروخت کرنے کا دعوی کیا۔ٹرمپ کی جانب سے متعارف کردہ گولڈ کارڈ یا گولڈن ویزا اسکیم غیر معمولی کامیابی حاصل کرتی نظر آ رہی ہے۔امریکی وزیرِ تجارت ہاورڈ لٹنک نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے 1 ہی دن میں 1000 گولڈ کارڈز فروخت کیے، جس سے امریکی معیشت کو 5 بلین ڈالرز (500 کروڑ ڈالرز) کا فائدہ ہوا۔یہ اسکیم فروری 2025ء میں صدر ڈونالڈٹرمپ نے متعارف کرائی تھی، جو دنیا بھر کے دولت مند افراد کو 5 ملین ڈالرز (50 لاکھ ڈالر) کے عوض امریکہ میں مستقل رہائش اور اختیاری شہریت کی پیشکش کرتی ہے۔یہ اسکیم روایتی EB-5 ویزے سے مختلف ہے، جس میں سرمایہ کاروں کو کم از کم 10 ملازمتیں پیدا کرنا اور 1 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنا لازم تھا، گولڈ کارڈ میں ایسی کوئی شرط نہیں رکھی گئی، بلکہ صرف سرمایہ کاری کرنا کافی ہے۔اس اسکیم کے تحت 5 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری پر مستقل رہائش ملے گی، سرمایہ کار چاہے تو شہریت لے یا صرف رہائش پر اکتفا کرے، بیرونِ ملک کمائی پر ٹیکس نہیں لگے گا۔