ٹریفک سگنلس اور سی سی کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل

   

اندرون ہفتہ کارکردگی کی بحالی ، ٹریفک آمد و رفت کو باقاعدہ بنانے کے اقدامات
حیدرآباد۔25۔مئی (سیاست نیوز) مصروف ترین چوراہوں پر بے ہنگم ٹریفک پر قابو پانے اور پرانے شہر میں ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کے اقدامات کے طور پر کئے ٹریفک سگنل اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے اور ان ٹریفک سگنلس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی کارکرد کرنے کے اقدامات کو تیز کردیا گیا ہے۔پرانے شہر کے مصروف ترین چوراہوں پر ٹریفک سگنل کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے لیکن انہیں کارکرد بنانے کے لئے مزید ایک ہفتہ درکار ہوگا۔ انجن باؤلی‘ بندلہ گوڑہ کے علاوہ حافظ بابانگر اور دیگر مصروف ترین چوراہوں پر ٹریفک پولیس‘ محکمہ پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے سگنلس کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے لیکن انہیں کارکرد کرنے کے اقدامات میں مزید کچھ تاخیر ہوگی ۔ذرائع کے مطابق ان نئے ٹریفک سگنلس کے ساتھ ساتھ اب ان چوراہوں پر مسلسل ٹریفک پولیس کی موجودگی کے اقدامات کئے جائیں گے اور ساتھ ہی ان ٹریفک سگنلس پر ٹریفک قوانین کی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی بھی کی جائے گی۔ انجن باؤلی چوراہے پر جہاں مصروف ترین اوقات میں ٹریفک جام اور بے ہنگم ٹریفک کے علاوہ آٹو پارکنگ کے سبب سڑک پر راہگیروں کو مشکلات معمول کی بات بن چکی تھی اب یہ صورتحال نہیں رہے گی۔ انجن باؤلی چوراہے سے وٹے پلی جانے والی سڑک پر آٹو کی بے ترتیب پارکنگ کے خاتمہ کے علاوہ انجن باؤلی سے فلک نما جانے والی سڑک پر ٹھیلہ بنڈی رانوں کی موجودگی کو بھی ٹریفک پولیس کی جانب سے برخواست کروانے کے اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ا ورکہا جا رہاہے کہ اس مصروف ترین سڑک پر ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری پیدا کرنے کے لئے سڑک پر کی جانے والی پارکنگ کو برخواست کردیا جائے گا۔ بندلہ گوڑہ چوارہے پر جہاں حادثات میں اضافہ ہورہا تھا اس سڑک پر ٹریوفک پولیس کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے گاڑیوں کی رفتار کو کم کرنے کے اقدامات کے بعد اب بندلہ گوڑہ چوراہے پر ٹریفک سگنل نصب کردیئے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ پرانے شہر میں نصب کئے گئے تمام ٹریفک سگنلس کو جلد کارکرد بنانے کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی کو بھی بہتر بناتے ہوئے گذرنے والی گاڑیوں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر نظر رکھی جائے گی ۔ دونوں شہرو ںمیں محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں مصروف ترین چوراہوں پر سگنل کی تنصیب بھی شامل ہے۔م