محکمہ آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کا مشترکہ منصوبہ ، کمانڈ کنٹرول سنٹر میں پولیس کا اعلیٰ سطحی اجلاس
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شہر میں ٹریفک چالانات کے دوران پولیس کو آسانی فراہم کرنے کے لیے سٹی پولیس نے ایک نیا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس منصوبہ پر عمل آوری کے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ ٹریفک پولیس کو دستاویزات کی جانچ اور بحث و تکرار سے بچانے اور مزید آسانی فراہم کرنے میں اس نئے طریقہ کار کو کافی مددگار تصور کیا جارہا ہے ۔ اب اس نئے طریقہ کار پر عمل آوری کے ذریعہ ٹریفک پولیس کو جرمانہ کرتے وقت شہری سے لائسنس ، آر سی ، پولیوشن اور انشورنس کی تصدیق کرنے اور دستاویزات طلب کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی چونکہ اب ان کے یہاں موجود ٹیاب میں یہ سہولیات کو دستیاب رکھا جائے گا ۔ چونکہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور کمانڈ کنٹرول کے درمیان ڈیٹا تبادلہ پر مشق شروع کردی گئی ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے گاڑیوں کا ڈیٹا فراہم کرنے کے علاوہ اس کے استعمال کے طریقہ کار اور نئے رائج کیے جانے والے نظام پر عملہ کی رہنمائی سے بھی اتفاق کرلیا ہے ۔ آر ٹی اے کی خصوصی ٹیموں کی جانب سے ٹریفک پولیس کو تربیت بھی دی جائے گی ۔ اس سلسلہ میں آج انٹیگرٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر آئی سی سی سی میں ایک اعلی سطحی اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ ڈائرکٹر کمانڈ کنٹرول کملاسن ریڈی کے علاوہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے کمشنراں ، شیوا لنگاریڈی اور چندر شیکھر گوڑ اس موقع پر موجود تھے ۔ ٹریفک پولیس عملہ کو کام کا بوجھ کم کرنے اور سہولت فراہم کرنے کی غرض سے اس نئے طریقہ کار کو رائج کیا جارہا ہے ۔ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا کو کمانڈ کنٹرول کے ڈیٹا بیس سے منسلک کردیا جائے گا ۔ اور اس کی مدد سے راست ٹریفک عملہ تمام تفصیلات کو حاصل کرسکتا ہے ۔ اس طریقہ کار پر عمل آوری کے بعد ٹریفک پولیس عملہ کو کسی بھی شہری سے فرداً فرداً ایک ایک دستاویز طلب کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ اپنے ٹیاب میں آر سی ، پولیوشن ، انشورنس دیگر تفصیلات کی جانچ کرسکتا ہے ۔ نہ صرف ٹریفک عملہ کی سہولت بلکہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے پر بھی اس اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا اور اس کے علاوہ آٹو میٹک نمبر پلیٹ ریکیگنیشن سسٹم اور دیگر امور پر بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔۔ ع