ٹرین حادثہ ، متاثرہ خاندانوں سے وزیراعظم یونان کی معذرت خواہی

   

ایتھنز: یونان کے وزیراعظم کریاکوس میتسوتاکیس نے ٹرین حادثہ میں متاثرہ خاندانوں سے معافی مانگ لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یونان کے وزیراعظم نے ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے 57 افراد کے اہل خانہ سے سوشل میڈیا کے ذریعے معافی مانگی جس میں انہوں نے فیس بک پر جاری بیان میں حادثے کا ذکر کیا اور کہا کہ ایک ہی لائن پر دو مختلف سمتوں سے آنے والی ٹرینیں نہیں چل سکتیں۔دوسری جانب 28 فروری کو یونان میں ہونے والے اس ٹرین حادثے کے بعد سے احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں ایتھنز میں ہونے والے مظاہرے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔پولیس کا کہنا ہیکہ ایتھنز میں ہونے والے مظاہرے میں 12 ہزار سے زائد افراد شریک تھے جس دوران پولیس کے 7 افسران زخمی ہوئے جب کہ 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔پولیس کے مطابق مظاہرے میں شریک افراد نے پیٹرول بموں کا استعمال کیا جس کے بعد پولیس کی جانب سے آنسو گیاس کے شل فائر کیے گئے جبکہ مظاہرین نے سیاہ رنگ کے غباروں کو فضا میں چھوڑ کراپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔یونان میں 28 فروری کو دو ٹرینوں کے درمیان تصادم ہوا جس میں 57 افراد ہلاک ہوئے تھے۔