ٹیٹ امتحان میں 74% امیدواروں کی شرکت

   

امتحانات کا اختتام ،24 جنوری کو ابتدائی کلید جاری کی جائے گی
حیدرآباد۔ 21 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 2 جنوری سے شروع ہوئے ٹیٹ (ٹیچرس اہلیتی ٹسٹ) امتحانات کا پیر کو اختتام ہوا۔ پیپر I اور II کیلئے جملہ 2 لاکھ 75 ہزار 753 امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھیں لیکن 2 لاکھ 5 ہزار 278 امیدواروں نے 74.44% طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی۔ محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر اور ٹیٹ کے صدرنشین ای وی نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ 24 جنوری کو ابتدائی کلید جاری کی جائے گی۔ اگر اس پر اعتراضات ہو تو 27 جنوری شام 5 بجے تک آن لائن لنک کے ذریعہ اپنے اعتراضات پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے سال میں 2 مرتبہ ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا ہے، اسی مناسبت سے دو مرتبہ ٹیٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ گزشتہ سال اگست میں ہی حکومت نے ریکروٹمنٹ کیلنڈر 2024-25ء جاری کیا تھا۔ 2024ء میں دو مرتبہ ٹیٹ کا انعقاد عمل میں آیا تھا، ساتھ ہی ڈی ایس سی نوٹیفکیشن فروری 2025ء جاری کرنے اور اپریل میں امتحانات کا انعقاد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران ایس سی زمرہ بندی کا جو عمل ہے، وہ پورا ہوا ہے یا نہیں، اس پر غیریقینی صورتحال پائی جاتی ہے۔ ایس سی زمرہ بندی کے بغیر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا یا نہیں، اس پر ابھی کوئی واضح موقف کا اظہار نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت نے آئندہ ڈی ایس سی میں تقریباً 6 ہزار ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 2